شیاؤمی کے 2 'سستے' فونز پیش

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2017
— فوٹو بشکریہ شیاؤمی
— فوٹو بشکریہ شیاؤمی

چینی کمپنی شیاؤمی نے اپنے دو نئے 'سستے' اسمارٹ فون ریڈمی 5 اور ریڈمی فائیو پلس متعارف کرا دیئے ہیں اور دونوں کا ڈسپلے ریشو 18:9 ہے۔

یہ دونوں فون گزشتہ سال کی ریڈمی فور سیریز کے اپ ڈیٹ ماڈل ہیں اور کمپنی کے مطابق اس سیریز کے فون قیمت میں سستے مگر فیچرز کے لحاظ سے دیگر کمپنیوں کے فلیگ شپ فونز کے ٹکر کے ہیں۔

مزید پڑھیں : شیاؤمی کا نیا فلیگ شپ فون اب پاکستان میں دستیاب

ریڈمی فائیو دو جی بی ریم اور 16 جی بی اسٹوریج، تھری جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج کے دور ورژن میں دستیاب ہوگا۔

اسی طرح فائیو پلس بھی دو ورژن میں متعارف کرایا گیا، تھری جی بی ریم، 32 جی بی اسٹوریج، فور جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج۔

ریڈمی فائیوکی اسکرین 5.7 انچ اور کوالکوم اسنیپ ڈراگون 450 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ فائیو پلس 5.99 انچ ڈسپلے کے ساتھ اسنیپ ڈراگون 625 پراسیسر سے لیس ہے۔

دونوں فونز کے بیک پر بارہ میگا پکسل جبکہ فرنٹ پر پانچ میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے۔

اس پر فور جی انٹرنیٹ چلایا جاسکتا ہے، دوئل سم، بلیوٹوتھ اور وائی فائی وغیرہ دیگر کنٹیویٹی فیچرز ہیں۔

چھوٹا ریڈ می فون 3200 ایم اے ایچ بیٹری جبکہ فائیو پلس 4000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شیاؤمی می مکس 2 دنگ کردینے والا فون

دونوں فونز میں فنگر پرنٹ ریڈر دیا گیا ہے جبکہ اینڈرائیڈ 7.1.2 نوگیٹ آپریٹنگ سسٹم موجود ہے۔

ریڈمی فائیو کی قیمت 799 یوآن (12ہزار 716 پاکستانی روپے) سے 899 یوآن (14 ہزار تین سو روپے سے زائد) ہے جبکہ فائیو پلس 999 یوآن (15 ہزار 899 روپے) سے 1299 یوآن (بیس ہزار 673 روپے) تک فروخت کیا جائے گا۔

یہ دونوں فونز اس وقت چین میں فروخت کے لیے پیش کردیئے گئے ہیں، تاہم دیگر ممالک کے حوالے سے کمپنی نے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں