گزشتہ برس کی کامیاب ترین اور ریکارڈ یافتہ فلم ’دنگل‘ کی اداکارہ زائرہ وسیم ہوائی جہاز میں ہراساں کیے جانے کا شکار ہوگئیں جبکہ ایئرلائن نے واقعے کی تحقیقات کا فیصلہ کر لیا۔

بولی وڈ فلم دنگل کے مرکزی کردار ’گیتا‘ کے بچپن کا کردار نبھانے والی زائرہ وسیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کے بارے میں آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: کیریئر بنانے کے لیے ریچا چڈا کو کیا مشورہ دیا گیا؟

زائرہ وسیم نے انسٹا گرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مبینہ طور پر ان کے کندھے پر کسی نے پاؤں رکھا ہوا ہے۔

بولی وڈ اداکارہ کہتی ہیں کہ دہلی سے ممبئی جانے والی فلائٹ میں وہ سو رہی تھیں کہ اچانک ان کی گردن اور کمر پر کسی چیز کے رگڑنے سے وہ بیدار ہوگئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی نشست کے بالکل پیچھے بیٹھے ایک شخص نے ان کے اس 2 گھٹے طویل سفر کو نہایت ہی تکلیف دہ بنادیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر انہوں نے بتایا کہ سفر کے آغاز میں سب کچھ ٹھیک تھا لیکن وہ جیسے ہی اپنی آدھی نیند سے بیدار ہوئیں تو انہوں نے کسی درمیانی عمر کے ایک شخص کا پیر اپنے کندھے پر پایا اور جس کی وہ ایک ہی تصویر لے سکیں۔

زائرہ وسیم نے ممبئی پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر اپنی ایک ویڈیو ریکارڈ کر کے شیئر کی جس میں وہ اپنے ساتھ ہونے والی ہراساں کرنے کے واقعے پر بوکلاہٹ اور پریشانی کا شکار نظر آئیں۔

انسٹاگرام پر شائع کی جانے والی ویڈیو میں زائرہ وسیم روتے نے ہوئے کہا کہ یہ ایک المیہ ہے، اگر ہم خود اپنی مدد کرنے کا فیصلہ نہیں کریں گے تو کوئی بھی ہماری مدد نہیں کر پائے گا۔

زائرہ وسیم جس طیارے میں سفر کر رہیں تھیں اس کمپنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کمپنی ان کے ساتھ ہونے والے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ اداکارہ کی ہر معاملے میں مدد کی جائے گی۔

بعدِ ازاں ایئرلائن کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا گیا اور اس میں بولی وڈ اداکارہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر ان سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ طیارے کے عملے کو اس واقعے کی خبر نہیں ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں