ہم کیا سمجھیں، شادی ہوگئی یا ہونے والی ہے؟

اپ ڈیٹ 11 دسمبر 2017
جوڑے کی شادی کی افواہیں اکتوبر سے شروع ہوئیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
جوڑے کی شادی کی افواہیں اکتوبر سے شروع ہوئیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

ویسے تو بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کے درمیان معاشقے کا معاملہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، اور دونوں کی شادی کی خبریں رواں ماہ اکتوبر کے آخر میں ہی آنا شروع ہوئی تھیں۔

اگرچہ گزشتہ ایک ہفتے سے یہ خبریں بھی آ رہی ہیں کہ انوشکا شرما اپنے اہل خانہ کے ساتھ یورپی ملک اٹلی اسی لیے ہی گئی ہیں کہ وہ رواں ماہ 12 نومبر کو ویرات کوہلی کے ساتھ شادی رچائیں گی۔

تاہم اس حوالے سے کچھ بھی تصدیق سے نہیں کہا جاسکتا کہ وہ واقعی اپنی شادی کے لیے ہی اٹلی گئی ہیں یا سیر و تفریح کے لیے۔

دوسری جانب جہاں انوشکا شرما اپنے اہل خانہ سمیت اٹلی پہنچی ہیں، وہیں بھارت کے متعدد صحافی بھی بن بلائے کسی کی دعوت کے بغیر ہی اس خیال کے ساتھ اٹلی پہنچ رہے ہیں کہ وہ کرکٹر اور اداکارہ کی شادی کی کوریج کریں گے۔

لیکن پھر بات گھوم پھر کر وہیں آتی ہے کہ ویرات کوہلی کی شادی ہوگئی یا ہونے والی ہے؟۔

ان دونوں کی شادی کے حوالے سے اتنی کنفیوژن ہے کہ خود بھارتی میڈیا بھی اس حوالے سے تاحال کوئی تصدیقی خبر نہیں دے سکا، البتہ ذرائع سے یہ خبریں چل رہی ہیں کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی 12 دسمبر کو شادی کرنے والے ہیں۔

ہندوستان ٹائمز نے اپنی خبر میں بتایا کہ جوڑا اٹلی میں شادی کرنے کی غرص سے ہی 8 دسمبر کو بھارت سے روانہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق دونوں کی شادی اٹلی کے علاقے تسکانہ کے لگژری ہوٹل ’بورگو فنوچیٹو‘ میں 11 اور 12 دسمبر کی درمیانی شب ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی شادی اگلے ہفتے متوقع؟

تاہم رپورٹ میں بھارت کے اسپورٹس صحافی کے حوالے سے یہ بھی بتایا گیا کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی تو پہلے ہی شادی کرچکے۔ دوسری جانب ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ صحافی تمام اداکاروں اور کھلاڑیوں سے یہی سوال کرتے نظر آتے ہیں کہ کیا انوشکا شرما اور ویرات کوہلی 12 دسمبر کو شادی کر رہے ہیں؟

صحافیوں کو ان کے سوال کا واضح جواب نہیں مل رہا، تاہم اداکارہ جیکولین فرنانڈس نے قدرے واضح انداز میں کہا کہ وہ ان دونوں کی شادی کی خبر کے حوالے سے بہت ہی پرجوش ہیں۔

جیکولین فرنانڈس انوشکا اور ویرات کوہلی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جہاں ڈانس کرنے لگیں، وہیں اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے شادی کی تقریبات دیکھنے کے لیے مزید انتظار نہیں ہو رہا۔

اٹلی کا لگژری ہوٹل—اسکرین شاٹ
اٹلی کا لگژری ہوٹل—اسکرین شاٹ

اگر کہا جائے کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی اب تک کی بھارت کی سب سے پراسرار شادی ہوگی تو کچھ غلط نہ ہوگا، کیوں کہ تاحال ان کی شادی سے متعلق کوئی بھی واضح طور پر تردید یا تصدیق نہیں کر رہا، جب کہ جوڑے نے بھی مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

زیادہ تر بھارتی اخبارات کا دعویٰ ہے کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی 11 اور 12 دسمبر کی درمیانی شب اٹلی کے شاندار ہوٹل میں شادی رچائیں گے۔

جس ہوٹل میں ان کی شادی ہوگی وہ ہوٹل پانچ مختلف فارم ہاؤسز پر مبنی ہے، اوراس میں مجموعی طور پر 22 کمرے ہیں، جہاں صرف اور صرف 44 مہمانوں کی رہائش کی گنجائش ہے۔

اگر جوڑے کی شادی اسی ہوٹل میں ہوئی تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ان کی شادی میں انتہائی قریبی رشتہ دار اور نہایت ہی خاص دوست شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ویرات اور انوشکا دسمبر میں شادی کریں گے

خیال رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے درمیان 2012 سے تعلقات قائم ہیں، دونوں کو متعدد بار بیرون ممالک ایک ساتھ چھٹیاں گزارنے سمیت مختلف پارٹیوں اور ایوارڈز تقریب میں بھی ایک ساتھ دیکھا گیا ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سمیت دیگر کرکٹ سیریز کے درمیان بھی انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کو ایک ساتھ دیکھا گیا، جس پر دونوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا۔

دونوں کے درمیان گزشتہ برس تلخیاں بڑھ گئیں تھیں، تاہم رواں برس ایک بار پھر دونوں ایک دوسرے کے قریب دیکھے گئے، اور گزشتہ ماہ ہی وہ ایک اشتہار میں ساتھ نظر آئے۔

رواں برس اکتوبر میں انڈین ایکسپریس نے اپنے قریبی ذرائع سے یہ خبر دی تھی کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی دسمبر 2017 کے اختتام سے قبل شادی کرلیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں