’جنسی ہراساں کرنا کسی طرح بھی درست نہیں‘

13 دسمبر 2017
تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد صنفی تفریق کے خاتمے میں کردار ادا کرسکتے ہیں، اداکار
تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد صنفی تفریق کے خاتمے میں کردار ادا کرسکتے ہیں، اداکار

’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ جیسی فلموں میں خواتین کی اہمیت و خودمختاری کے مسائل کو اجاگر کرنے کی کوشش کرنے والے بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا ہے کہ کسی کو بھی جنسی طور پر ہراساں کیا جانا کسی بھی حوالے سے درست نہیں۔

خیال رہے کہ عامرخان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا جب کہ ان کی فلموں ’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ میں اداکاری کرنے والی نوجوان اداکارہ زائرہ وسیم کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا۔

گزشتہ ہفتے زائرہ وسیم نے انسٹا گرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مبینہ طور پر ان کے کندھے پر کسی نے پاؤں رکھا ہوا ہے۔

بولی وڈ اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ نئی دہلی سے ممبئی جانے والی فلائٹ میں وہ سو رہی تھیں کہ اچانک ان کی گردن اور کمر پر کسی چیز کے رگڑنے سے وہ بیدار ہوگئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی نشست کے بالکل پیچھے بیٹھے ایک شخص نے ان کے اس 2 گھٹے طویل سفر کو نہایت ہی تکلیف دہ بنادیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنا ہولی وڈ تک محدود نہیں‘

ہندوستان ٹائمز کے مطابق عامر خان نے تھائی لینڈ میں جنسی ہراساں کے معاملے پربات کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی جنسی ہراساں کیا جانا ٹھیک نہیں، چاہے متاثرہ شخص کی کوئی بھی جنس ہو۔

مسٹر پرفیکشنسٹ کا خیال تھا کہ تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد معاشرے میں صنفی تفریق کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کی جانب سے خواتین کو جنسی ہراساں کیے جانے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عامر خان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ صرف فلم اںڈسٹری تک محدود نہیں، اور نہ ہی اسے صرف ہندوستان تک محدود سمجھا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ’جنسی ہراساں کرنے والوں کو شرمندہ کرنا چاہیے‘

عامر خان کا کہنا تھا کہ جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا سلسلہ دنیا بھر میں جاری ہے، اور چوں کہ مرد حضرات شروع سے ہی طاقتور سمجھے جاتے رہے ہیں، اس لیے یہ مسئلہ بھی پرانا ہے۔

عامر خان نے وضاحت کی کہ ’کسی بھی انسان پر پیار کرنے کی پابندی نہیں لگائی جاسکتی، اور نہ ہی اسے اظہار محبت سے روکا جاسکتا ہے، تاہم کسی طرح بھی جسمانی و جنسی تشدد محبت کے زمرے میں نہیں آتے۔

خیال رہے کہ عامر خان ان دنوں اپنی آںے والی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ کے لیے تھائی لینڈ میں موجود ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں