اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کی نااہلی کیس کا فیصلہ 15 دسمبر بروز جمعہ کو سنایا جائے گا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ جمعہ کو 2 بجے فیصلہ سنائے گا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے دونوں رہنماؤں کے خلاف نااہلی کیس کا فیصلہ 14 نومبر کو محفوظ کیا تھا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس میں فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اسی روز عدالت عظمیٰ نے حنیف عباسی کی جانب سے جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر بھی فیصلہ محفوظ کیا۔

جسٹس ثاقب نثار نے کیس کی سماعت مکمل کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کے ’فریقین کے جانب سے پیش کیے گئے دلائل کا ہر طرح سے جائزہ لیں گے، جس کے بعد ایسا فیصلہ سنائیں گے جو سب کو قابل قبول ہوگا۔‘

سماعت کے دوران فریقین کے دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پہلے تحریری جواب اور ٹرسٹ ڈیڈ میں تضاد ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین پر اثاثے چھپانے اور آف شور کمپنیاں رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دینے کی علیحدہ علیحدہ درخواستیں سپریم کورٹ میں دائر کی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں