غیر ملکی فنڈنگ کے الزامات: نواز شریف اور آصف زرداری سے جواب طلب
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے خلاف غیر قانونی فنڈنگ کے الزامات کی درخواستوں پر دونوں پارٹی کے رہنماؤں سے جواب طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے خلاف غیر قانونی فنڈنگ کے الزامات پر پی ٹی آئی کی درخواستوں پر سماعت کی۔
درخواست گزار فرخ حبیب کی جانب سے فیصل چوہدری اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ایڈووکیٹ جہانگیر جدون پیش ہوئے جبکہ پیپلزپارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے اس مقدمے میں اپنی جماعت کا دفاع کیا۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کا سیاسی جماعتوں کو آخری نوٹس
اس موقع پر بینچ کے ممبر ارشاد قیصر نے پی ٹی آئی کے وکیل سے پوچھا کہ وہ بتائیں کہ آیا یہ درخواست سیاسی جماعتوں کے آرڈر (پی پی او) کے سیکشن 15 کے تحت دائر کی گئی ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) جسٹس سردار رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف زرداری کو نوٹسز جاری کیے، جس میں ان سے درخواست سے متعلق جواب طلب کیا گیا اور سماعت 8 جنوری 2018 تک ملتوی کردی گئی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں دو علیحدہ شکایتیں درج کرائی گئی تھی، جس میں پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے الزام لگایا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے فنڈز کے ذرائع اور امریکا اور برطانیہ میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی معلومات کو چھپایا ہے، لہٰذا انتخابی نشان کے حصول کے قانونی تقاضوں پر پورا نہ اترنے پر ان کے دیئے گئے نشانات ختم کیے جائیں۔
اس کے علاوہ گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ نے حنیف عباسی کی پی ٹی آئی کی بیرون ملک فنڈنگ کے خلاف درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے معاملہ تحقیقات کے لیے الیکشن کمیشن بھیج دیا تھا۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھا تھا کہ الیکشن کمیشن مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان امتیاز کے بغیر شفاف اور منصفانہ طریقے سے پیش آئے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا ایک کروڑ 20 لاکھ ووٹرز کا فرق ختم کرنے کیلئے مہم کا آغاز
اس طریقے کی جانچ پڑتال میں الیکشن کمیشن کے لیے یہ مناسب ہو گا کہ وہ پانچ سال تک کے سیاسی جماعت کے اکاؤنٹس کو دیکھے، جو اس جماعت کے تحت سرکاری گیزٹ میں دکھائے گئے ہیں۔
اس فیصلے کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے غیر قانونی فنڈنگ کے حوالے سے دائر کردہ تمام درخواستوں پر سماعتیں شروع کردی ہیں، جس کے بعد پی ٹی آئی کے فنانس سیکریٹری کو اکبر ایس بابر کی دائر کردہ درخواست کے سلسلے میں 16 جنوری سے پہلے کمیشن کے سامنے پیش ہونا ہے۔











لائیو ٹی وی