چکوال: صوبہ پنجاب میں دو مختلف واقعات میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر دو خواتین کو قتل کردیا گیا۔

پہلا واقعہ صدر پولیس کی حدود میں پیش آیا جہاں بھائی نے اپنی شادی شدہ بہن کو گولی مار کر قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق چند برس قبل مقتولہ نے گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد لڑکی اور اس کے اہل خانہ کے درمیان تنازع شروع ہوگیا تھا تاہم کچھ عرصے کے بعد خاتون اور ان کے اہل خانہ کے درمیان صلح ہو گئی۔

یہ پڑھیں: 'غیرت کے نام پر قتل غیر اسلامی اور گناہ کبیرہ '

صلح کے بعد مقتولہ نے اپنے بھائی کو فون کرکے گھر بلایا۔

اطلاعات کے مطابق بھائی نے اپنی بہن کے گھر رات گزاری اور صبح اٹھنے کے بعد بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق مقتولہ کے تین بچے تھے اور اس کا خاوند قتل کے کیس میں پولیس کی حراست میں ہے۔

16 سالہ بھتیجی کا قتل

دوسرے واقعے میں دو بھائیوں نے اپنی 18 سالہ بھتیجی کا گلہ گھونٹ کر قتل کردیا۔

تفتیشی افسر (آئی او) خالد محمود کے مطابق ‘چند ہفتے قبل مقتولہ ایک لڑکے ساتھ گھر سے بھاگ گئی تھی بعدازاں اہل خانہ لڑکی کی تلاش کے بعد اسے گھر واپس لے آئے تھے’۔

یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ سے غیرت کے نام پر قتل، انسداد عصمت دری بل منظور

آئی او کے مطابق‘قتل کی واردات کے وقت لڑکی کا والد چکوال سے باہر تھا جس کی غیر موجودگی میں اس کے دو بھائیوں نے بھتیجی کا گلہ گھونٹ کر جان لے لی’۔

پولیس کے مطابق ‘ملزمان کو اندیشہ تھا کہ لڑکی دوبارہ گھر سے بھاگنے کی کوشش کرے گی’۔

آئی او نے بتایا کہ‘مقدمہ درج کرکے مقتولہ کے والد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں’۔


یہ خبر 20 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں