سرکاری اشتہارات میں شریف خاندان کی تشہیر پر پی ٹی آئی کا اعتراض
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کو خط لکھ کر عوام کے پیسوں پر شریف خاندان کی تشہیر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
تحریک انصاف کی رہنماء عندلیب عباس کی جانب سے لکھے جانے والے اس خط میں وزارت اطلاعات پر الزام عائد کیا گیا کہ وزارت شریف خاندان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی تشہیر میں بھاری رقم خرچ کر رہی ہے جو عدالت کے احکامات کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2013 سے اب تک پاکستان مسلم لیگ (ن) حکومت نے تقریباً 12 ارب روپے اپنی تشہیر میں خرچ کیے اور ہر اشتہار میں شریف خاندان اور وزیروں کی تصویریں دکھائی گئیں جو سپریم کورٹ کے احکامات کے خلاف ہے۔
مزید پڑھیں: او آئی سی اجلاس میں شہباز شریف کی شرکت پر تحریک انصاف کا اعتراض
خط میں وزارت کو یاددہانی کرائی گئی کہ نومبر 2012 میں جاری کیے گئے عدالتی احکامات میں تمام حکومتی اداروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ عوامی فنڈز کو اشتہارات کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ کسی قسم کی تصویر اور عوامی خدمات کو عوامی پیسوں پر اشتہارات کی صورت میں شائع نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے وزارت کے اس اقدام کو توہین عدالت کا نام دیتے ہوئے سوال کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کیوں کی گئی؟
یہ بھی پڑھیں: یومِ قائد تقریب: تحریک انصاف کے دو گروہ میں تصادم
خط میں مزید کہا گیا کہ 25 دسمبر کو وزارت اطلاعات کی جانب سے اخبارات میں اشتہار دیا گیا جس میں قائد اعظم کی تصویر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تصویر کے ساتھ لگایا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن کے الزامات ہیں اور انہیں عدالت عظمیٰ کی جانب سے نا اہل قرار دیا گیا ہے اور ان کی تصویر کو بانی پاکستان قائد اعظم کے ساتھ دکھانا ان کی توہین ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) مسلم لیگ (ن) کے 2013 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک 3 ارب روپے کے خسارے میں ہے۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کا قبائلی عوام کے مستقبل کیلئے تاریخی احتجاج کا فیصلہ
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیمرا کی جانب سے نوٹس جاری کیے جانے کے باوجود پی ٹی وی شریف خاندان کی آواز بن رہا ہے۔
عندلیب عباس نے سوال کیا کہ ریاست کی جانب سے چلنے والے چینل نے 26 دسمبر کو مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا کنونشن سے مریم نواز اور نواز شریف کا خطاب کیوں دکھایا جبکہ وہ عوامی نمائندے بھی نہیں ہیں۔
یہ خبر 30 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی











لائیو ٹی وی