وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے نئے سال کی آمد پر کراچی میں سڑکیں بند ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے شہر کی تمام سڑکیں کھلی رکھنے کا حکم دے دیا۔

ڈیفنس اور کلفٹن کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کچھ دوستوں اور ذرائع ابلاغ سے نیو ایئر پر سڑکیں بند کرنے کی اطلاعات ملی تھیں، جس کے بعد پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ سی ویو جانے والے تمام راستوں سے فوری طور پر کنٹینر ہٹائے دیں۔

مزید پڑھیں: ون ویلنگ سے ایک جان بھی بچالی تو ہماری کامیابی ہوگی، سہیل انور سیال

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری سی ویو آئیں اور نئے سال کی خوشیاں منائیں جبکہ نیو ایئر نائٹ پر میں خود بھی سی ویو پر موجود رہوں گا۔

انہوں نے پولیس کو ہدایت کی نیو ایئر پر ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، ریسنگ لگانے والی گاڑیوں اور بغیر سائلنسر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور کسی کو اس کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ کی ہدایت کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور سی ویو جانے والے راستوں پر لگائے گئے کنٹینرز کو ہٹانے کا کام شروع کردیا۔

ادھر اتوار کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مختلف علاقوں کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سال نو کے حوالے سے ہدایت کردی ہیں کہ سی ویو پر رکاوٹیں ہٹا دی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری نئے سال کے آغاز پر رات کو باہر نکلیں اور سیر و تفریح کریں لیکن کسی کو تکلیف نہیں دیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ میرے جیسے لوگ تو رات کو نکلتے ہی نہیں ہیں لیکن جو لوگ اور نوجوان نکلتے ہیں ان کا خیال رکھا جائے، کوشش کی جائے کہ کوئی حادثہ نہ ہو، نی کسی کو کوئی تکلیف پہنچے اور افراتفری پھیلانے سے بھی گریز کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: دودریا میں حادثے کے بعد فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیر داخلہ سندھ نے سی ویو اور دو دریا کا دورہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ون ویلنگ پر پابندی صرف دودریا یا سی ویو پر نہیں، پورے کراچی میں ہے اور ہم اس پابندی پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے، اگر ہم نے ون ویلنگ سے ایک جان بھی بچالی تو یہ ہماری کامیابی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام حکومت پر تنقید کرنے کے بجائے ون ویلنگ کے خلاف مہم میں ساتھ دیں، ہم کوشش کریں گے کہ ون ویلنگ سے ہونے والے حادثات کو روکنے کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدامات کیے جائیں۔

یاد رہے کہ ہر سال سال نو پر شہریوں خاص طور پر نوجوانوں کی بڑی تعداد سی ویو کا رخ کرتی ہے اور نئے سال کا جشن مناتی ہے تاہم گزشتہ کئی برسوں سے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سی ویو جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر سیل کرنے کا عمل جاری تھا، جس کے باعث شہری ساحل سمندر تک نہیں پہنچ پاتے تھے۔

اس کے علاوہ سال نو پر ہوائی فائرنگ کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں جبکہ ون ویلنگ سے ہونے والے حادثات میں نوجوان لڑکے اپنی جانیں گنوا بیٹھتے ہیں یا زندگی بھر کے لیے مفلوج ہوجاتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے ان واقعات کو روکنے کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کیا جاتا ہے اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود اس طرح کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں