پاک بحریہ نے اندرون ملک تیار کردہ ’حربہ‘ نیول کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی نے کسی بھی بحری جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا اور پاک بحریہ کے میزائل کرافٹ ’پی این یس ہمت‘ نے اندرون ملک تیار کردہ ’حربہ‘ نیول کروز میزائل فائر کیا۔

یہ میزائل سطح آب سے سطح آب پر مار کرنے اور زمینی حملے کی صلاحیت کا حامل ہے جس نے تجربے کے دوران اپنے ہد ف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا، جبکہ میزائل فائرنگ کا یہ کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کی فائر پاور کی قابل اعتماد صلاحیت کا مظہر ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ’پی این ایس عالمگیر‘ سے میزائل فائرنگ کے اس مظاہرے کو دیکھا۔

یہ بھی پڑھیں: زمین سےسمندر میں مار کرنےوالے میزائل کا کامیاب تجربہ

انہوں نے نیول فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور حربہ نیول ویپن سسٹم پر تحقیق کرنے والے تمام انجینئرز کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ اندرون ملک دفاعی صلاحیتوں کو مزید فروغ دینے اور بیرونی ممالک پر انحصار کم سے کم کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ پاک بحریہ پاکستان کے بحری دفاع اور مفادات کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سی کنگ ہیلی کاپٹر سے کھلے سمندر میں اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے ’اینٹی شپ‘ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

شمالی بحیرہ عرب میں فائر پاور کے مظاہرے کے دوران پاکستان نیوی کے سی کنگ ہیلی کاپٹر نے فضا سے سطح آب میں مار کرنے والے اینٹی شپ میزائل فائر کیا، جس نے اپنے ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: پاک بحریہ کا ’ضرب‘ میزائل کا کامیاب تجربہ

اس سے قبل مارچ میں بھی پاک بحریہ نے زمین سے سطح آب پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میزائل جدید ٹیکنالوجی اور ایویونکس سے لیس ہے جس نے سمندر میں اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں