ایشز سیریز میں انگلینڈ کو ایک اور شکست کا خطرہ

06 جنوری 2018
عثمان خواجہ نے ایک چھکے اور 18 چوکوں کی مدد سے 171 رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی
عثمان خواجہ نے ایک چھکے اور 18 چوکوں کی مدد سے 171 رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی

سڈنی: عثمان خواجہ اور مارش برادران کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے آخری ایشز ٹیسٹ پر بھی گرفت مضبوط کر لی ہے اور انگلینڈ پر ایک اور شکست کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔

سڈنی میں جاری ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے 193 رنز دو کھلاڑی سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو عثمان خواجہ اور کپتان اسٹیون اسمتھ وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا اور عثمان خواجہ نے ایشز سیریز میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے اسکور 274 تک پہنچا دیا لیکن کھانے کے وقفے سے کچھ دیر قبل اسمتھ 83 رنز بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔

دوسرے اینڈ پر موجود عثمان خواجہ کی دلکش بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے شان مارش کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلئے 101 رنز جوڑتے ہوئے دوسرے سیشن میں انگلینڈ کو وکٹ سے محروم رکھا لیکن چائے کے وقفے کے فوراً بعد میسن کرین نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کرتے ہوئے عثمان خواجہ کی اننگز کا خاتمہ کردیا، انہوں نے ایک چھکے اور 18 چوکوں کی مدد سے 171 رنز بنائے۔

شان مارش کا ساتھ نبھانے ان کے چھوٹے بھائی مچل مارش آئے اور دونوں نے دن بھر کے نڈھال انگلش باؤلرز کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے خوب خبر لی اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ کی پہلی اننگز 346 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے چار وکٹ کے نقصان پر 479 رنز بنائے تھے، مارش سنچری سے دو رنز دوری پر ہیں اور 98 رنز پر ناقابل شکست ہیں جبکہ بھائی مچل مارش 63 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

آسٹریلیا کو میچ میں اب تک 133 رنز کی برتری حاصل ہے جس کے ساتھ ہی انگلینڈ پر رواں ایشز سیریز میں ایک اور شکست کے سائے گہرے ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پانچ میچوں کی ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو پہلے ہی 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں