بولی وڈ اداکار اور پروڈیوسر ارباز خان اپنی فلم ’دبنگ‘ سیریز کے نئے حصے پر طویل عرصے سے کام کررہے ہیں، جہاں اس سیریز کی پہلی ہی فلم سے سلمان خان اس میں مرکزی کردار ادا کرتے آرہے ہیں، وہیں نئی فلم میں اداکاراؤں کی کاسٹنگ کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں بھی سامنے آئی ہیں۔

جبکہ فلم ’دبنگ 3‘ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے، اس کے ساتھ بہت سی اداکاراؤں کا نام جوڑا گیا جن میں پرینیتی چوپڑا اور مونی روئے شامل ہیں۔

خیال رہے کہ اداکارہ سوناکشی سنہا پہلی دو فلموں میں سلمان خان کی اہلیہ کا کردار ادا کرچکی ہیں۔

مزید پڑھیں: ’چلبل پانڈے‘ 2018 میں سامنے آئیں گے

اور ارباز خان کے مطابق سوناکشی سنہا ایک مرتبہ پھر اس فلم کا حصہ بنتی نظر آئیں گی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ارباز خان کا فلم کے حوالے سے ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ’سوناکشی اس فلم کا حصہ ضرور بنیں گی، ان کے علاوہ میں بھی نہیں جانتا کہ فلم میں اور کون سی اداکارہ کاسٹ ہوگی، ہم اسکرپٹ کے حساب سے فلم میں اداکارہ کو کاسٹ کریں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلم ’دبنگ 3‘ کی شوٹنگ رواں سال شروع کرنے کا ارادہ کیا گیا ہے، جس میں سلمان خان دوبارہ چلبل پانڈے نامی پولیس اہلکار کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: دبنگ 3 میں ہی بناؤں گا، ارباز خان

خیال رہے کہ ارباز خان نے ’دبنگ 2‘ کی پروڈکشن کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی ہدایات بھی خود دی تھیں جبکہ اس کے تیسرے حصے کی ہدایات پرابھودیوا دیں گے۔

50 سالہ ارباز خان کا کہنا تھا کہ وہ دبنگ 3 کی ہدایات نہیں دیں گے، تاہم وہ دوبارہ ہدایت کاری کرنے کے لیے ایک اچھے اسکرپٹ کا انتظار کررہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں