پہلی بار ماں بننا دنیا کا بہترین احساس ہے، کایلی جینر

اپ ڈیٹ 05 فروری 2018

ای میل

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

امریکی ریئلٹی ٹی وی اسٹار و معروف ماڈل کایلی جینر نے تمام افواہوں کو ختم کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کردی کہ ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوگئی۔

خیال رہے کہ 20 سالہ ماڈل کایلی جینر سے متعلق گزشتہ برس ستمبر میں یہ افواہ سامنے آئی تھی کہ وہ امید سے ہیں، تاہم انہوں نے اس حوالے سے خاموشی اختیار کیے رکھی۔

متعدد امریکی و برطانوی نشریاتی اداروں نے کایلی جینر کی دوران حمل کھینچی گئی تصاویر بھی شیئر کی تھیں، تاہم اداکارہ نے اس حوالے کوئی بھی تصدیق یا تردید کرنے کے بجائے خاموش رہنے کو ذیادہ اہمیت دی۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

اب کایلی جینر نے اپنے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر ماں بننے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے اہل خانہ، مداحوں اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جھانوی کپور کایلی جینر کے نقشے قدم پر

انہوں نے پہلی بار ماں بننے کے احساس کو دنیا کا بہترین ترین احساس قرار دیا۔

اپنی پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے ہاں یکم فروری کو لاس اینجلس میں بچی کی پیدائش ہوئی، جس کا تاحال کوئی نام نہیں رکھا گیا۔

انہوں نے اپنے امید سے ہونے کی خبر کو راز رکھنے سے متعلق بتایا کہ وہ اس کی خبر دنیا کے سامنے نہیں لانا چاہتی تھیں، اس لیے انہوں نے اپنی خوشی اور آنے والے بچے کی بہتری کے لیے خاموشی اختیار کیے رکھی۔

مزید پڑھیں: ماڈل نے امید سے ہونے کی خبر 6 ماہ تک خفیہ رکھی

خیال رہے کہ کایلی جینر امریکی ماڈل کنڈیل جینر کی بڑی بہن ہیں، وہ اپنے منفرد فیشن اور ماڈلنگ انداز کی وجہ سے دنیا بھر میں جانی جاتی ہیں، دنیا بھر کی کم عمر اور نوجوان لڑکیاں ان کے فیشن کو کاپی کرتی ہیں۔

کایلی جینر اپنے دوست تریوس اسکاٹ کے ساتھ—فوٹو: ہیلو میگزین
کایلی جینر اپنے دوست تریوس اسکاٹ کے ساتھ—فوٹو: ہیلو میگزین

کایلی جینر امریکا کی اداکار فیملی سے تعلق رکھتی ہیں، وہ کارڈیشین سسٹرز کی سوتیلی بہن ہیں، انہوں نے 9 سال کی عمر سے ریئلٹی ٹی وی شو میں شرکت کرنا شروع کی۔

کایلی جینرکو اپنے دوست ریپر تریوس اسکاٹ سے بچی پیدا ہوئی۔

ان کی سوتیلی بہن کلوئی کارڈیشین بھی امید سے ہیں، انہوں نے بھی اپنے حاملہ ہونے کی خبر 6 ماہ تک خفیہ رکھنے کے بعد دسمبر 2017 میں انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنے امید سے ہونے کی تصدیق کی تھی۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام