دفاعی چیمپیئن ناکام، ملتان سلطان کی پی ایس ایل کے پہلے ہی میچ میں فتح

شائع February 22, 2018 اپ ڈیٹ February 23, 2018
عظیم سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا نے 51 گیندوں پر 57 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی— تصویر بشکریہ ٹوئٹر پی ایس ایل
عظیم سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا نے 51 گیندوں پر 57 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی— تصویر بشکریہ ٹوئٹر پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے افتتاحی میچ میں لیگ کی نئی فرنچائز ملتان سلطان نے کمار سنگاکارا اور کپتان شعیب ملک ی عمدہ بیٹنگ کی بدولت دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کو سات وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کیا ہے۔

دبئی میں کھیلے پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں گزشتہ ایوںٹ کے کامیاب ترین بلے باز کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

تمیم اقبال نے محمد عرفان کو لگاتار دو چوکے لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن اگلی ہی گیند پر جنید خان کے عمدہ کیچ نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

دوسری وکٹ گرنے کے بعد محمد حفیظ میدان میں آئے اور ڈیوائن اسمتھ کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی، تاہم 57 کے مجموعی اسکور پر ڈیوائن اسمتھ 3 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنا کر عمران طاہر کا شکار بنے۔

پشاور زلمی نے 15 ویں اوور میں اپنی سنچری مکمل کی اور اختتامی اوورز میں تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں حارث سہیل، جنید خان کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

محمد حفیظ نے نصف سنچری کے بعد جارحانہ انداز اپنایا اور ڈیرن سیمی کے دو چھکوں کی بدولت سہیل تنویر کے اوور میں 21 رنز بٹورے لیکن اگلے ہی اوور میں بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ جنید خان کی دوسری وکٹ بن گئے۔

ڈیرن سیمی نے 11 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اننگز کے اختتام سے ایک گیند قبل وہ سہیل تنویر کو وکٹ دے بیٹھے۔

پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے اور ملتان سلطان کو میچ میں فتح کیلئے 152 رنز کا ہدف دیاہے۔

پشاور زلمی کی طرح ملتان سلطان کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ ہوا اور دوسرے ہی اوور میں احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے وہاب ریاض کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد کمار سگاکارا اور صہیب مقصود نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن صہیب ایک غیرضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں محمد اصغر کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے 21 رنز بنائے۔

اس کے بعد کمار سنگاکارا کا ساتھ دینے شعیب ملک آئے اور دونوں ٹیم کی سنچری مکمل کرائی، عظیم سری لنکن بلے باز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور 51 گیندوں پر 57 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی وکٹ بنے۔

سنگاکارا کی وکٹ گرنے کے بعد میچ میں پشاور زلمی کی واپسی کے امکانات پیدا ہوئے لیکن ناقص فیلڈنگ اور غیر ذمے دارانہ باؤلنگ کے سبب انہوں نے سلطانز کی میچ میں فتح کی راہ ہموار کی۔

شعیب ملک نے اننگز کے آخری اوور کی پہلی گیند پر حماد اعظم کو چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو سات وکٹ کی یادگار فتح سے ہمکنار کرا دیا، شعیب ملک نے 30 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 42 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کیرون پولارڈ نے 21 رنز بنائے۔

کمار سنگاکارا کو ذمے دارانہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل رنگ و نور سے بھرپور پی ایس ایل 2018 کی افتتاحی تقریب کے بعد ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر وکٹ پر موجود گھاس کو دیکھتے ہوئے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں ٹاس کا منظر
پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں ٹاس کا منظر

شعیب ملک نے کہا کہ یہ ہمارا پی ایس میں پہلا میچ ہے لیکن ہم پیشہ ورانہ کرکٹر ہیں اس لیے جلد ایڈجسٹ کر لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے چار غیر ملکی کھلاڑیوں میں کمار سنگاکارا، کیرون پولارڈ، عمران طاہر اور ہرڈس ولجوئن شامل ہیں۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں ہم بھی پہلے باؤلنگ کرتے لیکن ہم بیٹنگ کیلئے مکمل تیار ہیں اور پہلے چھ اوورز میں کنڈیشنز کا جائزہ لیں گے۔

میچ کیلئے دونوں ٹیموں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

تبصرے (1) بند ہیں

Anwer Feb 23, 2018 02:09am
ملتان سلطان نےہےدھوم مچا دی ملتان کے نام کی بس شان بڑھادی ٹیم نئی امید نئی جذبے نئے نئے کراچی فائنل کی امید ہےبڑھادی تاریخ پاکستان کاسب سےقدیم نام چمکےگا پھرملتان آس ہے دلا دی

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024