پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ہے، جہاں لیگ کی تمام ٹیمیں ایک دوسرے کو پچھاڑنے کے لیے پرجوش ہیں۔

جہاں پی ایس ایل میں اپنی پسندیدہ ٹیم کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے عام عوام بھی میدان میں موجود ہوتے ہیں، وہیں کھلاڑیوں کے اہل خانہ اور قریبی رشتہ دار بھی ان کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود ہوتے ہیں۔

اورایسا ہی کام کیا اس بار پاکستان کی قومی بھابھیوں کا اعزاز رکھنے والی غیرملکی بہوؤوں یعنی آسٹریلیا کی شنیرا اکرام اور ہندوستان کی ثانیہ مرزا نے جنہوں نے اپنے شوہروں کی حوصلہ افزائی کے لیے دبئی کے کرکٹ گراؤںڈ میں ایک ساتھ وقت گزارا۔

جی ہاں، پی ایس ایل میں شامل ہونے والی نئی ٹیم ’ملتان سلطان‘ کے ڈائریکٹر اور سابق کھلاڑی وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اور اسی ٹیم کے کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے دبئی میں کھیلے گئے ملتان سلطان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں اپنے شوہروں کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔

یہ پہلا موقع تھا کہ پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑیوں کی دونوں غیر ملکی بیویاں ایک ساتھ میچ دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں موجود تھیں۔

7 مارچ کو ملتان سلطان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان دبئی میں کھیلی گئی میچ میں وسیم اکرم اور شعیب اختر کی بیویاں اپنے شوہروں کو سپورٹ کرنے کے لیے گراؤنڈ میں موجود رہیں۔

اس دوران شنیرا اکرام اور ثانیہ مرزا نے ملتان سلطان ٹیم کو سپورٹ کرنے والے مداحوں کے ساتھ بھی جشن منایا اور ان کے ساتھ مل کر ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے نعرے بازی کی۔

مگر بدقسمتی سے ملتان سلطان کی ٹیم دلچسپ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے 2 وکٹ سے شکست کھا بیٹھی۔

ملتان سلطان کی شکست اپنی جگہ لیکن میچ کے دوران شنیرا اکرام اور ثانیہ مرزا کی کھینچی گئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔

پاکستانی کرکٹرز کی دونوں بیویوں کی جانب سے بنائی گئی مختصر ویڈیو کو شنیرا اکرام نے بھی اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا، جس پر متعدد افراد نے کمنٹس کیے اور ان کے اسٹائل اور انداز کو سراہا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل ٹیموں میں پوائنٹس کے حوالے سے ملتان سلطان اب تک 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جب کہ دوسرے نمبر پر7 پوائنٹس کے ساتھ کراچی کنگز دوسرے نمبر پر ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں