کراچی: وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پی ایس ایل سیزن تھری کے فائنل میچ سے متعلق انتظامات کے اجلاس میں سندھ پولیس کی جانب سے دی گئی ڈبل سواری پر پابندی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے فائنل کیلئے 300 گاڑیوں پر مشتمل شٹل سروس چلانے کی منظوری دی۔

پی ایس ایل فائنل کے انتظامات سے حوالے سے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور وزیر بلدیات کی جانب سے وزیراعلی سندھ کو شہر کے امن و امان اور صفائی ستھرائی سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 15 مارچ تک سارے انتظامات مکمل ہو جانے چاہئیں اور وزیر بلدیات کو شہری سہولیات یقینی بنانے سے متعلق ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو سہولیات کے حوالے سے ہر طرح سے آگاہ کریں، سب کو معلوم ہونا چاہیے کہ کہاں تک گاڑی میں اور کہاں تک پیدل چلنا ہے۔

اس موقع پر فائنل کے دن شہر قائد میں ڈبل سواری پر پابندی کی تجویز بھی پیش کی گئی لیکن وزیر اعلیٰ نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں نوجوان پی ایس ایل فائنل کو انجوائے کریں لہٰذا ان سے یہ تفریح چھیننا نہیں چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ فائنل کے موقع پر اس طرح کے انتظامات ہونے چاہئیں کہ پورے شہر میں جشن کا سما ہو۔

اجلاس میں وزیراعلی سندھ نے پی ایس ایل فائنل پر شٹل سروس چلانے کا اعلان کرتے ہوئے 300 گاڑیوں پر مشتمل سروس چلانے کی منظوری دے دی جو 47 سیٹرز ہوں گی اور پارکنگ سے اسٹیڈیم اور بند سڑکوں تک شٹل سروس چلائی جائے گی۔

وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ پارکنگ ایریاز میں واش روم، پینے کے پانی کی سہولتیں ہونی چاہئے، ضروری آلات سے لیس موبائل ایمبولینس کا بندوبست بڑی تعداد میں کیا جائے اور جیسے ہی میچ ختم ہو 30 منٹس کا موسیقی پروگرام بھی شروع کیا جائے۔

اجلاس میں وزیراعلی سندھ کو آئی جی سندھ نے بتایا کہ نیشنل اسٹیڈیم میں 35 ہزار سے زائد افراد کی گنجائش موجود ہے اور 8 ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کا بندوبست کیا جارہا ہے جبکہ شہر میں ٹریفک انتظامات سے متعلق منصوبہ بندی کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام سڑکوں پر عوام کی آگاہی و ہدایات کیلئے بورڈ آویزاں بھی کیے گئے ہیں اور معاملات کو احسن طریقے سے انجام دینے اور عوام کی رہنمائی کیلئے 200 اسکاؤٹس بھی تعینات کیے جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں