وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف پر سیالکوٹ میں کنونشن کے دوران سیاہی پھینک دی گئی۔

مقامی میرج ہال میں منعقدہ مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران خواجہ آصف پر نامعلوم شخص نے سیاہی پھینکی۔

سیاہی وزیر خارجہ کے چہرے اور سر پر لگی۔

واقعے کے بعد مشتعل لیگی کارکنان نے سیاہی پھینکنے والے شخص کی درگت بنا ڈالی۔

بعد ازاں پولیس نے اس شخص کو اپنی حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

تاہم خواجہ آصف نے سیاہی پھینکنے والے شخص کو معاف کرتے ہوئے کہا کہ ’اس شخص کو کسی نے بھیجا ہے اور چار پیسے دے کر مجھ پر سیاہی پھینکوائی گئی، لیکن اسے چھوڑ دیں کیونکہ میری اس سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’سیاسی پھینکنے سے میری سیاست کو فرق نہیں پڑتا بلکہ اب بھی ہزاروں لوگ میرے لیے دعا گو ہیں۔‘

یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر داخلہ احسن اقبال پر بھی ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران ایک شخص نے ان کی جانب جوتا اچھال دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں