پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان ان دنوں برطانیہ میں ہونے والے 20 ویں یوکے ایشین فلم فیسٹیول میں شرکت کے لیے لندن میں موجود ہیں، جہاں انہیں فلموں اور سماجی خدمات کے عوض ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

ماہرہ خان نے نہ صر ف یوکے ایشین فلم فیسٹیول کی اوپننگ گرانڈ نائٹ تقریب میں شرکت کی، بلکہ فیسٹیول کی دوسری تقریبات میں بھی وہ نظر آئیں۔

فیسٹیول کے دوران اپنے خصوصی سیشن ’ماہرہ خان ان کنورسیشن ود نورین خان‘ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے اپنی خواہشات کا بھی کھل کر اظہار کیا۔

ماہرہ خان نے اپنی سب سے بڑی خواہشات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے دو ہی سپنے تھے۔

ماہرہ خان نے ہنستے ہوئے بتایا کہ جب وہ 10 سال کی ہوئیں تو ان کی سب سے بڑی خواہش تھی کہ وہ بھی جلد سے جلد شادی کرلیں، کیوں کہ اس وقت ان کے تمام کزنز کی شادیاں ہو رہی تھیں، جس میں وہ بڑے مزے لیتے ہوئے نظر آئے اور انہیں لگا کہ شادی کرنا زندگی کا سب سے بڑا مزا ہے۔

انہوں نے اپنی دوسری خواہش بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں کام کریں۔

خیال رہے کہ ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’رئیس‘ میں کام کیا تھا، جب کہ انہوں نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی، جن سے انہوں نے 2015 میں طلاق لے لی۔

ماہرہ خان کا ایک بیٹا ’ازلان‘ بھی ہے۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

یوکے ایشین فلم فیسٹیول

برطانیہ میں ہر سال ہونے والے ’یو کے ایشین فلم فیسٹیول‘ کے 20 ویں ایڈیشن کے موقع پر 2 پاکستان اور 3 بھارتی فلموں کی اسکریننگ کی جائے گی۔

جن پاکستانی فلموں کی فلم فیسٹیول میں اسکریننگ کی جائے گی ان میں گزشتہ برس ریلیز ہونے والی ماہرہ خان کی فلم ’ورنہ‘ اور رواں ماہ 30 مارچ کو ریلیز ہونے والی صنم سعید اور آمنہ شیخ کی فلم ’کیک‘ شامل ہیں۔

جن تین بھارتی فلموں کی اسکریننگ کی جائے گی ان میں 9 سالہ بچی کے ریپ پر مبنی فلم ’اجی‘ بنگالی فلم ’بسورجن‘ اور ہندی فلم ’آزمائش‘ شامل ہیں۔

پاکستانی فلم ’ورنہ‘ کی اسکریننگ 16 مارچ کو لندن کی ریجنٹ اسٹریٹ سینما جب کہ ’کیک‘ کی برطانیہ کے 4 مختلف شہروں میں اسکریننگ کی جائے گی۔

’کیک‘ کی پہلی اسکریننگ 17 مارچ کو بریڈ فورڈ، دوسری 18 مارچ کو مانچسٹر ، 19 مارچ کو برمنگھم جب کہ 20 مارچ کو لندن میں کی جائے گی۔

اسی طرح بھارتی فلموں کی بھی الگ الگ شہروں میں ایک سے زائد بار اسکریننگ کی جائے گی۔

خیال رہے کہ ’یو کے فلم فیسٹیول‘ برطانیہ کی غیر منافع بخش تنظیم ’ٹنگس آف فائر‘ کی جانب سے منعقد کیا جاتا ہے، اس فلم فیسٹیول کو پہلے لندن ایشین فلم فیسٹیول کے نام سے منعقد کیا جاتا تھا، تاہم بعد ازاں اس کا نام تبدیل کرکے یوکے ایشین فلم فیسٹیول رکھ دیا گیا۔

رواں برس اس فیسٹیول کا 20 واں ایڈیشن ہو رہا ہے، جس وجہ سے فیسٹیول میں برطانیہ کے مختلف شہروں میں فلموں کی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔

یوکے ایشین فلم فیسٹیول کا آغاز 14 مارچ سے ہوا جو 25 مارچ تک جاری رہے، فیسٹیول میں شرکت کے لیے پاکستانی و بھارتی اداکاروں سمیت ایشیا بھر کے اداکار لندن پہنچ چکے ہیں۔

اس بار یوکے ایشین فلم فیسٹیول کو ’فیمیل ریٹڈ‘ (ایف آر) کے سلوگن کے بینر تلے منقعد کیا گیا ہے، جس کا مقصد ایشین فلم انڈسٹری میں خواتین کی خدمات کا اعتراف اور انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

فلم فیسٹیول کے 14 مارچ کو منعقد ہونے والے گرانڈ ڈنر میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان، بھارتی اداکارہ و پروڈیوسر سیمی گریوال سمیت دیگر اداکارائیں شامل تھیں۔

ایشین فلم فیسٹیول کی اوپننگ گالا نائٹ تقریب میں شرکت کے لیے پاکستانی فلم ’کیک‘ کی ٹیم بھی موجود تھی، جس کے آفیشل انسٹاگرام سے تصاویر بھی شیئر کی گئیں۔

فلم فیسٹیول کی اوپننگ گالا نائٹ کے بعد ماہرہ خان سمیت دیگر اداکاراؤں کو ان کی خدمات کے پیش نظر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

ماہرہ خان نے جیوری کی جانب سے ایوارڈ دیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شوبز کی دنیا میں منفرد خدمات سر انجام دینے پر فخر ہے۔

ا#### ورنہ

کیک

اجی

بسورجن

آزمائش

تبصرے (0) بند ہیں