ویسٹ انڈیز دوسرے ٹی20 میں بھی ناکام، سیریز پاکستان کے نام

اپ ڈیٹ 04 اپريل 2018
بابر اعظم اور حسین طلعت نے دوسری وکٹ کے لیے 119 رنز جوڑے— فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم اور حسین طلعت نے دوسری وکٹ کے لیے 119 رنز جوڑے— فوٹو: اے ایف پی

کراچی: پاکستان نے باؤلرز اور بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی20 میچ میں بھی یکطرفہ مقابلے کے بعد 82 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو گزشتہ میچ کے برعکس اس بار فخر زمان کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم 58 گیندوں پر ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 97 رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم 58 گیندوں پر ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 97 رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی

اس کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے حسین طلعت آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 119 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کر دیا۔

گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ حسین طلعت نے ایک مرتبہ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹی20 کرکٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی جبکہ بابر اعظم نے بھی اپنی ففٹی مکمل کی۔

وہ 41 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

آصف علی ایک مرتبہ پھر اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 14 رنز بنا کر کیسرک ولیمز کو وکٹ دے بیٹھے۔

دوسرے اینڈ سے بابر اعظم نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور شعیب ملک کے ساتھ مل کر ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی۔

پاکستان نے ٹی20 میں اپنا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دیتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا ہے۔

بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 58 گیندوں پر ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 97 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شعیب ملک نے 7 گیندوں پر 17 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز نے اننگز کا آغاز کیا تو آندرے فلیچر صرف ایک رن بنانے کے بعد محمد نواز کی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

اسپنر شاداب خان ویسٹ انڈین بلے باز چیڈوک والٹن کو آؤٹ کرنے پر داد وصول کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
اسپنر شاداب خان ویسٹ انڈین بلے باز چیڈوک والٹن کو آؤٹ کرنے پر داد وصول کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

اس کے بعد مارلن سیمیولز اور چیڈوک والٹن نے نسبتاً بہتر بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی، والٹن جارحانہ موڈ میں نظر آئے لیکن اس سے قبل کہ وہ خطرناک ثابت ہوتے، شاداب خان نے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنانے والے بلے باز کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ سیمیولز بھی صرف 12 رنز بنانے کے بعد شاداب کی وکٹ بنے۔

57 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد جیسن محمد اور دنیش رامدین وکٹ پر یکجا ہوئے اور چوتھی وکٹ کے لیے 35 رنز جوڑ کر ٹیم کے کچھ آنسو پونچھنے کی کوشش کی لیکن حسین طلعت نے 21 رنز بنانے والے رامدین کی مزاحمت کا خاتمہ کردیا۔

اس موقع پر میچ میں محمد عامر کی عمدہ باؤلنگ کا شو شروع ہوا جنہوں نے اپنے دو اوورز میں جیسن محمد، روومین پاول اور کیمو پال کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو آل آؤٹ کرنے کی راہ ہموار کی۔

محمد عامر نے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
محمد عامر نے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

اس کے بعد پاکستان کو مہمان ٹیم کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور حسین طلعت نے اوڈین اسمتھ کو آؤٹ کر کے پوری ویسٹ انڈین ٹیم کی بساط 123 رنز پر لپیٹ دی جس کی بدولت پاکستان نے میچ میں 82 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔

بابر اعظم کو 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز بھی 2-0 سے جیت لی جہاں سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں مہمان ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 143 رنز سے شکست دی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: سرفراز احمد(کپتان)، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد، آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی اور محمد عامر۔

ویسٹ انڈیز: جیسن محمد(کپتان)، آندرے فلیچر، روومین پاول، مارلن سیمیولز، کیمو پال، دنیش رامدین، کیسرک ولیمز، اوڈین اسمتھ، چیڈوک والٹن، ریاض ایمرت اور سیمیول بدری۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں