اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنٹونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ دہائیوں پرانے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوامِ متحدہ سے رجوع کیا ہے لیکن بھارت نے ہمیشہ اس عالمی تنظیم کی ثالثی کی مخالفت کی۔

اپنے ایک بیان میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کشمیر ایسا معاملہ ہے جس کا عالمی تنظیم مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔

آنٹونیو گوٹیرس کے ترجمان اسٹیفین ڈوجارک کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں جاری بھارتی فوج کی جارحیت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اسٹیفین ڈوجارک کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ایک ہفتہ قبل بھی اس کی بات کی تھی، جبکہ تمام متعلقہ حکام کو معصوم شہریوں کی حفاظت کی ضرورت کے حوالے سے باور کروایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت کے پاس ’اقوامِ متحدہ کا اچھا دفتر‘ موجود ہے۔

اسٹیفین ڈوجارک نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہائیوں پرانے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوامِ متحدہ سے رجوع کیا ہے لیکن بھارت نے ہمیشہ اس عالمی تنظیم کی ثالثی کی مخالفت کی۔

ادھر آج ملک بھر میں کشمیری عوام سے یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے، جہاں شہر شہر مظاہروں اور ریلیوں میں مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے جبکہ عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

میرپور آزاد کشمیر میں ریلی میں شرکا نے کشمیریوں پربھارتی مظالم کی شدید مذمت کی جبکہ کراچی میں سوک سینٹر پر جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

علاوہ ازیں پشاور میں بھی جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مظاہرے کے شرکا نے بھارت اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی۔

پاکستان کے دیگر اضلاع وہاڑی، ٹانک، سیالکوٹ، مری اور سکھر میں بھی کشمیری عوام کی یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں