—فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام
—فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام

بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان سیاہ ہرن کا شکار کرنے کے کیس میں 2 دن اور ایک رات جودھپور سینٹرل جیل میں گزارنے کے بعد 8 اپریل کی واپس ممبئی پہنچے۔

ممبئی پہنچنے پر جہاں سلمان خان کا شاندار استقبال کیا گیا، وہیں ایک دن آرام کے بعد بولی وڈ بھائی جان نے اپنی مصروفیات کا آغاز کردیا۔

جیل سے رہائی کے بعد 9 اپریل سلمان خان سے کترینہ کیف، ڈیزی شاہ، ہما قریشی اور جیکولین فرنانڈس سمیت فلم پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز و دیگر اداکاروں نے بھی ملاقات کی۔

جیل کی ہوا کھانے کے بعد اب سلو بھائی رواں ہفتے ہی اپنے والی ایکشن تھرلر فلم ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہوجائیں گے۔

ممبئی مرر کے مطابق ’ریس تھر‘ کے پروڈیوسر رمیش ترانی نے اس بات کی تصدیق کی کہ سلمان خان رواں ہفتے ممبئی میں شوٹنگ ٹیم کو جوائن کریں گے۔

رمیش ترانی نے بتایا کہ سلمان خان نے فلم کی تمام کاسٹ سے رابطہ رکھا ہوا ہے، وہ بوبی دیول سے لے کر انیل کپور، جیکولین فرنانڈس سے لے کر ڈیزی شاہ تک سب کے ساتھ فلم کے اسکرپٹ سمیت دیگر معاملات کے حوالے سے رابطے میں ہیں۔

فلم پروڈیوسر نے مزید بتایا کہ فلم کی ٹیم ’ریس ٹو‘ کے مشہور گانے ’اللہ دہائی ہے‘ کی دوبارہ تکمیل میں مصروف ہے، جسے جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ریس تھری‘ کی پستول چلاتی جیکولین اورخطرناک ڈیزی شاہ

اطلاعات کے مطابق سلمان خان رواں ہفتے ہی جیکولین فرنانڈس کے ساتھ اسی گانے کی شوٹنگ میں بھی حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ ’ریس ٹو‘ کے گانے ’اللہ دہائی ہے‘ کو پاکستانی گلوکار عاطف اسلم، وشال دادلانی، انوشکا منچندا، ریتو پھاٹک اور مشی ون نے گایا تھا۔

اسی گانے میں جیکولین فرنانڈس، دپیکا پڈوکون، سیف علی خان، جوہن ابراہم اور انیل کپور نے جلوے دکھائے تھے۔

اطلاعات ہیں کہ جیکولین فرنانڈس اور انیل کپور اس بار بھی گانے میں شامل ہوں گے، جب کہ اسی گانے میں سلمان خان سمیت فلم کی دیگر کاسٹ کو بھی دکھائے جانے کا امکان ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’اللہ دہائی ہے‘ کی دوبارہ تکمیل میں عاطف اسلم کی آواز شامل ہے یا نہیں، تاہم امکان ہے کہ ان کی آواز بھی شامل ہوگی۔

مزید پڑھیں: ’ریس تھری‘ میں کام کے لیے سلمان کی انوکھی شرط

’ریس تھری‘ کی شوٹنگ کا آخری مراحل رواں ہفتے ممبئی میں ہی شروع کیا جائے گا، کئی ہفتوں سے فلم کی شوٹنگ ابوظہبی میں جاری تھی۔

امکان ہے کہ فلم کی شوٹنگ اپریل کے آخر یا پھر مئی کے وسط تک مکمل ہوجائے گی۔

ہدایت کار ریمو ڈی سوزا کی اس فلم کی کاسٹ میں سلمان خان، جیکولین فرنانڈس، بوبی دیول، ڈیزی شاہ، ثاقب سلیم اور انیل کپور سمیت دیگر شامل ہیں۔

فلم کو رواں برس عید الفطر کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ریس سیریز کی پہلی فلم 2008 اور دوسری فلم 2013 میں ریلیز کی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں