دھاون کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت سن رائزرز کا فاتحانہ آغاز

09 اپريل 2018
شیکھر دھاون کو 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے ایف پی
شیکھر دھاون کو 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے ایف پی

باؤلرز کی شاندار باؤلنگ اور شیکھر دھاون کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سن رائزرز حیدرآباد نے راجستھان رائلز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر انڈین پریمیئر لیگ میں اپنی مہم کا فاتحانہ انداز میں آغاز کر دیا۔

حیدرآباد میں کھیلے گئے انڈین پریمیئر لیگ 2018 کے چوتھے میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے باؤلرز نے درست ثابت کر دکھایا۔

اننگز کی ابتدا میں ہی راجستھان رائلز کو ڈی آر سی شارٹ کی شکل میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا لیکن سنجو سیمسن اور اجنکیا راہانے نے اسکور 52 تک پہنچا کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔

تاہم اس موقع پر راجستھان کی ٹیم مشکلات سے دوچار ہو گئی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے سبب ٹیم بڑے اسکور تک رسائی میں ناکام رہی۔

49 رنز بنانے والے سنجو سیمسن کے علاوہ کوئی بھی بلے باز سن رائزرز کے باؤلرز کا سامنا نہ کر سکا اور 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

راجستھان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 125 رنز بنائے، سن رائزرز کی جانب سے شکیب الحسن اور سدھارتھ کول نے دو، دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں سن رائزرز کی ٹیم کو ابتدا میں ہی شیکھر دھاون کی وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن راجستھان کے کپتان اجنکیا راہانے صفر پر کھیلنے والے بلے باز کا کیچ لینے میں ناکام رہے اور یہ کیچ ڈراپ انہیں بہت مہنگا پڑا۔

دو گیندوں بعد راجستھان نے وردھیمان ساہا کی شکل میں کامیابی حاصل کی جو صرف 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے لیکن دھاون کا کیچ چھوڑنے کا راجستھان کی ٹیم تلافی نہ کر سکی جنہوں نے 57 گیندوں پر ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 25 گیندوں قبل ہی ہدف تک رسائی دلا دی۔

دھاون نے 36 رنز بنانے والے کپتان کین ولیمسن کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے ناقابل شکست 121 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت سن رائزرز نے میچ میں باآسانی 9 وکٹ سے فتح حاصل کر کے ایونٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کیا۔

شیکھر دھاون کو جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں