اگرچہ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بہت ہی خاص اور مختلف موضوع پر بنی فلموں میں کام کرتے ہیں، تاہم امکان ہے کہ وہ جلد ایک بائیوگرافی فلم میں نظر آئیں گے۔

اطلاعات ہیں کہ عامر خان بولی وڈ کی معروف میوزک پروڈکشن کمپنی ‘ٹی سیریز’ کے بانی گلشن کمار کی زندگی پر بننے والی فلم میں ان کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ برس یہ خبریں تھیں کہ عامر خان بھارت کے پہلے خلاباز راکیش شرما کی زندگی پر بننے والی فلم ’سلیوٹ’ میں ان کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

ایک سال تک یہ چہ مگوئیاں ہوتی رہیں کہ عامر خان فلم میں پہلی بار خلاباز کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، تاہم گزشتہ برس دسمبر میں یہ خبر سامنے آئی کہ عامر خان نے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

دسمبر میں آنے والی خبر کے مطابق عامر خان نے خلاباز کا کردار ادا کرنے کے لیے شاہ رخ خان کو فلم ‘سلیوٹ’ میں کام کرنے کا مشورہ دیا اور انہوں نے مسٹر پرفیکشنسٹ کا کہنا مان بھی لیا۔

یہ بھی پڑھیں: عامر خان خلا باز نہیں بنیں گے

اب ایک بار پھر خبریں گردش کر رہی ہیں کہ عامر خان گلشن کمار کی زندگی پر بننے والی فلم میں ان کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ ’ ٹی سیریز’ کو گلشن کمار نے 1980 میں بنایا تھا، یہ کمپنی زیادہ تر فلموں کی موسیقی کی تیاری کا کام کرتی ہے، تاہم گزشتہ 2 دہائیوں سے یہ کمپنی فلم پروڈکشن میں بھی قدم جمانے میں مصروف ہے۔

گلشن کمار 1997 میں 41 برس کی عمر میں چل بسے تھے، جس کے بعد ٹی سیریز کو ان کے بھائی نے سنبھالا، اس وقت اس کمپنی کو ان کے بیٹے بھشن کمار چلا رہے ہیں۔

دکن کیرونیکل کے مطابق ٹی سیریز کے خالق گلشن کمار کی زندگی پر بننے والی فلم میں ان کا کردار ادا کرنے کے لیے پہلے اکشے کمار کا نام لیا جا رہا تھا۔

اس حوالے سے ٹی سیریز اور اکشے کمار کے درمیان متعدد ملاقاتیں بھی ہوچکیں تھیں، تاہم اب کہا جا رہا ہے کہ فلم میں اکشے کمار نہیں بلکہ عامر خان دکھائی دیں گے۔

ذرائع کے مطابق عامر خان نہ صرف فلم میں کردار ادا کریں گے، بلکہ ممکنہ طور پر وہ فلم کے شریک پروڈیوسر بھی بنیں گے۔

تاہم اس حوالے سے تاحال عامر خان یا ٹی سیریز کی جانب سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی جاسکی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ عامر خان اس فلم میں بھی کردار ادا کرنے سے انکار کردیں گے، کیوں کہ وہ ایسی فلموں میں کام کرنا پسند نہیں کرتے۔

اس سے قبل یہ چہ مگوئیاں بھی تھیں کہ عامر خان ہندو مذہبی پیشوا گرو رجنیش اوشو کی زندگی پر بھی بننے والی ایک فلم میں ان کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، تاہم اس خبر کی بھی کوئی تصدیق یا تردید نہیں ہوسکی تھی۔

خیال رہے کہ عامر خان ان دنوں اپنی آنے والی تاریخی فلم ‘ٹھگس آف ہندوستان’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ پہلی بار امیتابھ بچن بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

‘ٹھگس آف ہندوستان’ میں عامر خان کے علاوہ کترینہ کیف اور فاطمہ ثناء شیخ بھی دکھائی دیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں