اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ’ملک میں جمہوریت نہیں بلکہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی بدترین ڈکٹیٹر شپ قائم ہے اور ملک میں جو ہورہا ہے وہ کسی جوڈیشل مارشل لاء سے کم نہیں‘۔

وفاقی دارالحکومت کی احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’22 کروڑ عوام کی زبان بندی کسی طور پر قبول نہیں، اتنی پابندیاں مارشل لاء میں نہیں لگائی گئیں جو اب دیکھنے میں آرہی ہیں، آئے روز ایسے فیصلے دیئے جاتے ہیں، جن کی کوئی منطق نہیں ہوتی‘۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس میں مجھے سزا دلوانے کی پوری کوشش کی جارہی ہے اور اس کا مقصد یہ ہے کہ 5 ججز کو سرخرو کیا جاسکے۔

مزید پڑھیں: 'نواز شریف کی اداروں پر تنقید نامناسب'

ان کا کہنا تھا کہ اگر خود بات کی جاتی ہے تو دسروں کا جواب سننے کی بھی ہمت ہونی چاہیے، موجودہ پارلیمان میں کوئی ہمت نہیں، انشاء اللہ اگلی پارلیمان میں فیصلے ہوں گے۔

نواز شریف نے چیف جسٹس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’چیف جسٹس میاں ثاقب نثار روز ہسپتال جاتے ہیں اور سبزیوں کے نرخ پر بات کرتے ہیں، میں ان سے کہتا ہوں کہ وہ کسی مظلوم کے گھر بھی جائیں، جس کے مقدمے کا فیصلہ 20 سال سے نہیں ہوا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ چیف جسٹس کا کام نہیں کہ وزیر اعلیٰ کو طلب کرے اور حکومت کو قطار میں کھڑا کردے، حالیہ 3 فیصلے جسٹس منیر کے فیصلے سے بھی بدترین ہیں۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں ہم نے دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی اور ملکی ترقی کے لیے کام کیا لیکن ہمیں یہ صلہ دیا گیا کہ نیب کیسز بنا دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں پشتون تحفظ موومنٹ کے جلسے میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے تھی، جلسے کے میدان میں پانی چھوڑا گیا تھا تو یہ نہایت افسوسناک عمل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے کہا بلوچستان کے امیدوار کو ووٹ دیں، اوپر سے آرڈر ہے، سراج الحق

سینیٹ انتخابات کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ سراج الحق کی بات بہت معنی خیز ہے، امیر جماعت اسلامی نے بھی کہا کہ اوپر سے حکم آیا تھا، اس پر سینیٹ میں ووٹ دیئے گئے۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان اپنے اراکین اسمبلی کی سرزنش کر رہے ہیں تو کیا وہ اپنی خود کی سرزنش کریں گے کہ کس کے کہنے پر سینیٹ انتخابات میں ووٹ دیئے، یہ لوگ تبدیلی لائیں گے جو بے اصولی کی سیاست کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا عمران خان قوم کو یہ بتائیں گے کہ انہوں نے تیر کو ووٹ نہیں دیا اور چوہدری سرور کے حوالے سے بھی عمران خان قوم کو جواب دیں گے انہیں ووٹ کیسے ملے؟

تبصرے (1) بند ہیں

Malik USA Apr 23, 2018 08:01pm
It is not Judicial Martial Law Sir. Actually this is democracy. You and your daughter are not ready to listen any judgement against you or against your family. Is this democracy that you got three chances and your brother got 15 years, what u did really for the poor people in Pakistan. You understand that Lahore is Pakistan. I belong on of the rural area of Punjab. No clean water, No education, No health facility, No law and order, Patwari Syatem etc etc-- So many things