میشا شفیع نے مقدمہ لڑنے کیلئے وکلاء کی خدمات حاصل کرلیں

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2018
گلوکارہ نے علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا—فوٹو: میشا شفیع فیس بک
گلوکارہ نے علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا—فوٹو: میشا شفیع فیس بک

اداکارہ و گلوکارہ میشا شفیع نے علی ظفر کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا مقدمہ قانونی طور پر لڑنے کے لیے وکلاء کی خدمات حاصل کرلیں۔

تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ گلوکارہ کی قانونی ٹیم کب تک عدالت میں علی ظفر کے خلاف درخواست دائر کرے گی۔

میشا شفیع کی جانب سے وکلاء کی خدمات حاصل کرنے سے قبل ایک دن قبل ہی علی ظفر نے گلوکارہ کو ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔

ہرجانے کے نوٹس میں علی ظفر نے میشا شفیع کو جھوٹے الزامات عائد کرنے کے لیے معافی مانگنے کے لیے 2 ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو وہ ان کے خلاف عدالت میں 10 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: علی ظفر نے میشا شفیع کو 10 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

علی ظفر کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس ملنے یا نہ ملنے کی تصدیق یا تردید کیے بغیر اب میشا شفیع نے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ انہوں نے کیس لڑنے کے لیے وکلاء کی خدمات حاصل کرلیں۔

میشا شفیع نے بتایا کہ ان کا کیس لاہور کے معروف وکیل محمد احمد اور ڈیجیٹل رائیٹس کی سماجی کارکن نگہت داد لڑیں گی۔

ساتھ ہی میشا شفیع نے میڈیا سے درخواست کی ان کے اور علی ظفر کے درمیان ہونے والے معاملے کی کوئی بھی تازہ صورتحال جاننے کے لیے ان کی قانونی ٹیم سے رابطہ کیا جائے۔

دوسری جانب ان کے وکیل محمد احمد جن کا ٹوئٹر ہینڈل پنسوتا کے نام سے ہے انہوں نے بھی ٹوئیٹ کی کہ وہ میشا شفیع کا مقدمہ لڑنے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: جنسی ہراساں کرنے کا الزام،علی ظفر نے میشا شفیع کو جھوٹاقرار دیدیا

خیال رہے کہ میشا شفیع نے رواں ماہ 19 اپریل کو ٹوئیٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہیں اپنے ساتھی گلوکار علی ظفر نے متعدد بار جنسی طور پر ہراساں کیا۔

میشا شفیع کوک اسٹوڈیو میں علی ظفر کے ساتھ پرفارمنس بھی کرچکی ہیں—فوٹو: فیس بک
میشا شفیع کوک اسٹوڈیو میں علی ظفر کے ساتھ پرفارمنس بھی کرچکی ہیں—فوٹو: فیس بک

انہوں نے طویل عرصے تک خاموش رہنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ اب ان سے خاموش نہیں رہا جاتا۔

میشا شفیع کے مطابق علی ظفر نے انہیں ایک ایسے وقت میں جنسی طور پر ہراساں نہیں کیا، جب وہ شوبز انڈسٹری میں نئی تھیں، بلکہ انہوں نے ایسے وقت پر انہیں نشانہ بنایا، جب وہ معروف گلوکارہ بن جانے کے بعد 2 بچوں کی ماں بھی بن چکی تھیں۔

دوسری جانب علی ظفر نے میشا شفیع کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ ان کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔

گزشتہ روز ہی علی ظفر نے میشا شفیع کو جھوٹے الزامات لگانے پر ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: میشا شفیع اور علی ظفر تنازع پر شوبزشخصیات کا ردعمل

ماضی میں دونوں گلوکار متعدد بار ایک ساتھ پرفارمنس بھی کرکے چکے ہیں۔

میشا شفیع کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد دیگر خواتین نے بھی علی ظفر کے خلاف نامناسب رویے کی شکایت کی تھی۔

علاوہ ازیں اداکارہ عائشہ عمر اور گلوکارہ مومنہ مستحسن نے بھی انکشاف کیا تھا کہ انہیں بھی شوبز انڈسٹری میں ہراساں کیا گیا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ انہیں کن کی جانب سے ہراساں کیا گیا۔

پاکستانی شوبز کی معروف اداکاراؤں و گلوکاراؤں کی جانب سے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور ہراسگی کی شکایات سامنے آنے کے بعد ملک میں خواتین کو کام کی جگہوں پر ہراساں کرنے کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

—فوٹو: میشا شفیع فیس بک
—فوٹو: میشا شفیع فیس بک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں