بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی فلم ’راضی‘ کا گانا ’دل برو‘ ریلیز کردیا گیا، جس میں اداکارہ کی رخصتی کے لمحات کو پیش کیا گیا۔

اس گانے کی موسیقی نہایت خوبصورت انداز میں کی گئی، جس میں ایک والد اور بیٹی کے رشتے کو بھی بخوبی انداز میں دکھایا گیا۔

گانے میں عالیہ بھٹ نے اپنے تاثرات سے بہترین انداز میں پیش کیا کہ رخصتی کے وقت ایک لڑکی کے کیا جذبات ہوتے ہیں۔

اس گانے کی گلوکاری ہرش دیپ کور نے کی ہے، اور گلوکارہ کا ماننا ہے کہ یہ گانا ہر شادی میں رخصتی کے وقت بجایا جائے گا۔

عالیہ بھٹ نے بھی اس گانے کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا، جس پر ان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ اس گانے کو سننے کے بعد وہ بے ساختہ رو پڑیں تھیں۔

عالیہ نے اپنی پوسٹ میں اپنے والد مہیش بھٹ کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے ان کو کیریئر میں آگے بڑھنے کا ہمیشہ حوصلہ دیا ہے۔

خیال رہے کہ فلم ’راضی‘ ہندوستانی لکھاری ہریندر ایس سکا کے ناول ’کالنگ سہمت‘ پر مبنی ہے۔

اس ناول میں 1971 کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان لگنے والی جنگ اور تنازعات کے بارے میں لکھا گیا۔

مزید پڑھیں: بھارتی جاسوس خاتون پاکستانی فوجی افسر کی بیوی بننے پر’راضی‘

ناول اگرچہ سچی کہانی پر مبنی ہے، تاہم اس پر مبنی فلم میں کئی فکشن واقعات بھی شامل کیے گئے، فلم میں عالیہ بھٹ ایک کشمیری مگر بھارتی جاسوس لڑکی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

ڈائریکٹر میگھنا گلزار کی ہدایات میں بننے والی فلم ’راضی‘ کا پہلا ٹریلر بھی رواں ماہ کے آغاز میں جاری کیا گیا، جس میں خوبصورت، معصوم اور انتہائی نفیس نظر آنے والی عالیہ بھٹ کو سازش کے تحت ایک پاکستانی فوجی سے شادی کراکر پاکستان منتقل کیا جاتا ہے۔

عالیہ بھٹ فلم میں ’سہمت‘ نامی جاسوس لڑکی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، جس کے لیے اپنے شوہر سے وفاداری سے زیادہ اہم ہندوستان کے لیے جاسوسی کرنا ہوتا ہے۔

عالیہ بھٹ کو پاکستانی دلہن بنانے سے قبل ہی اس بات کی تربیت دی جاتی ہے کہ اس کا مقصد ایک وفادار دلہن بن کر جانا نہیں بلکہ ایک جاسوس خاتون بن کر جانا ہے۔

’راضی‘ میں مرکزی کردار عالیہ بھٹ کا ہے، جب کہ ان کے پاکستانی شوہر کا کردار وکی کوشال نے نبھایا ہے، جو بظاہر معصوم نظر آنے والی اپنی ہندوستانی بیوی کی بے وفائی کو نہیں پہچان پاتے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں سونی رضدان، جیدیپ اہلوت اور رجیت کپور سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

فلم کو کرن جوہر کی ’دھرما پروڈکشن‘ کے تعاون سے آئندہ ماہ 11 مئی کو ریلیز کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں