سعودی عرب میں دوسرا سینما بھی کھل گیا

پہلا سینما بھی ریاض میں کھولا گیا تھا—فوٹو: العربیہ
پہلا سینما بھی ریاض میں کھولا گیا تھا—فوٹو: العربیہ

قدامت پسند ملک سعودی عرب میں 35 سال بعد جہاں گزشتہ ماہ 18 اپریل کو پہلا سینما کھول دیا گیا تھا، وہاں اب دوسرا سینما گھر بھی کھول دیا گیا۔

محض 12 دن کے وقفے کے بعد سعودی عرب کا دوسرا سینما بھی دارالحکومت ریاض میں شہر کے مصروف اور کاروباری علاقے میں کھولا گیا ہے۔

دوسرے سینما میں ہولی وڈ کی سپر ہیروز فلم ’اوینجر: انفنٹی وار‘ کی نمائش کی گئی، جس نے دنیا بھر میں نئے ریکارڈ بنائے ہیں۔

عرب نشریاتی ادارے العربیہ کے مطابق ریاض میں کھولے گئے دوسرے سینما گھر کو ’ووکس سینما‘ کی جانب سے کھولا گیا، جو خطے میں سینما کا بہت بڑا نیٹ ورک رکھتا ہے۔

دوسرے سینما کی خاص بات یہ ہے کہ یہ شہر کے معروف شاپنگ مال ’ریاض پارک‘ میں کھولا گیا ہے، جہاں ہر وقت لوگوں کا رش رہتا ہے، جب کہ اس شاپنگ مال میں کئی طرح کی دکانوں کے باعث بھی یہاں رونق لگی رہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں 35 برس بعد پہلا سینما کھل گیا

’ووکس سینما‘ میں 4 تھیٹرز رکھے گئے ہیں، جن میں ٹوڈی کے علاوہ تھری ڈی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔

’ووکس سینما‘ کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس کے ٹکٹ پہلے سینما کے مقابلے انتہائی سستے رکھے گئے ہیں، جس وجہ سے توقع ہے کہ سعودی عرب کے لوگوں کو سستی تفریح میسر ہوگی۔

اس سینما کی ٹکٹ 50 سعودی ریال رکھی گئی ہے جو پاکستان کے قریبا 1550 روپے بنتے ہیں۔

پہلے سینما کی طرح اس سینما کے ٹکٹ کو بھی آن لائن فروخت کے لیے پیش کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں 35 سال بعد پہلی فلم ریلیز

واضح رہے کہ سعودی عرب کی حکومت کے وژن 2030 پروگرام کے تحت وہاں گزشتہ 2 سال سے اصلاحات جاری ہیں، ملک میں سینما کو کھولنے کی اجازت بھی اسی پروگرام کے تحت دی گئی۔

اسی پروگرام کے تحت جہاں انٹرٹینمنٹ سٹی بنایا جائے گا، وہیں سعودی عرب کی خواتین اور نوجوان نسل کو بھی زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

اصلاحاتی پروگرام کے تحت ہی گزشتہ ماہ سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کا فیشن ویک منعقد کیا گیا تھا، جس میں نہ صرف سعودی بلکہ دیگر ممالک کی خواتین نے ملبوسات کی نمائش کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں