بولی وڈ اداکارہ سونم کپور بہت جلد آنند اہوجا نامی بزنس مین کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی، جس کا اعلان ان کے خاندان نے ایک بیان کے ذریعے کیا۔

سونم کپور کا شمار تو بولی وڈ کی نامور اداکارہ میں کیا جاتا ہے، جنہوں نے اپنے کیریئر میں کچھ کامیاب فلموں میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ فیشن کی دنیا میں بھی خوب نام کمایا۔

دوسری جانب ان کے ہونے والے شوہر آنند اہوجا کے بارے میں اس وقت تک کوئی نہیں جانتا تھا، جب تک سونم کپور نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان کے ساتھ تصاویر شیئر کرنا شروع نہیں کیں۔

آنند اہوجا کا تعلق دہلی سے ہے، جو بھین نامی ملبوسات کے برینڈ کے مالک ہیں، اس کے علاوہ وہ اور بہت سے بزنس کا حصہ ہیں۔

مزید پڑھیں: سونم کپور کی شادی 8 مئی کو ہونے کی تصدیق

آنند نے امریکا میں تعلیم مکمل کی، جس کے بعد انہوں نے ایمیزون ڈاٹ کام میں انٹرنشپ کی تھی، تاہم بعدازاں دہلی واپس آکر انہوں نے اپنے والد ہریش اہوجا کے ساتھ ان کا کام سنبھالا۔

قیاس آرائیوں کے مطابق آنند اور سونم کی ملاقات 2014 میں فیشن ڈیزائنر پرنیا قریشی نے کروائی، اس وقت پرنیا سونم کی اسٹائلسٹ تھیں۔

رپورٹس کے مطابق آنند اہوجا نے سونم کپور سے ملاقات کے ایک ماہ بعد ہی انہیں شادی کی پیشکش کردی تھی، جسے اداکارہ نے قبول بھی کرلیا۔

خیال رہے کہ سونم کپور کیریئر کے شروع سے ہی اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا سے دور رکھتی آرہی ہیں، انہوں نے کئی انٹرویوز میں یہ بھی کہا کہ انہیں اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرنا پسند نہیں، تاہم وہ جب بھی شادی کریں گی سب کو ضرور بتائیں گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آنند اہوجا طویل عرصے سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سونم کے ساتھ اپنی تصاویر شیئر کرتے آرہے ہیں جبکہ وہ سونم کی فلموں کی پروموشن بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کرتے رہتے ہیں۔

ویسے تو سونم کپور کی شادی 8 مئی کو ہوگی، تاہم خبریں ہیں کہ مہندی اور سنگیت کی تقریبات کا آغاز 5 مئی سے ہوجائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں