مقدمات میں تاخیر اورزیر التواء مقدمات کو جلد نمٹانے کے حوالے سے حکمت عملی پر غور اور علاقائی معاشی روابط اور تنازعات کے حل کا موثر طریقہ سمیت مختلف عدالتی امور پر دو روزہ آٹھویں جوڈیشل کانفرنس 2018 کا آغاز 5 مئی کو ہو گا جس کا شیڈول جاری کردیا گیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار دو روزہ جوڈیشل کانفرنس کا افتتاح کریں گے جہاں کانفرنس کے دوسرے روز پانچ سیشن ہوں گے جس میں مختلف موضوعات پر بحث ہوگی۔

کانفرنس کے جاری شیڈول کے مطابق گروپ ون کی سربراہی جسٹس گلزار کریں گے، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منصور علی شاہ ان کے ساتھ ہوں گے جہاں علاقائی معاشی روابط اور تنازعات کے حل کا موثر طریقہ کے حوالے سے ہوگا۔

پہلے گروپ کے پینلسٹ بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد نور مسکان زئی اور پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس یحیٰ آفریدی ہوں گے۔

گروپ ٹو تنازعات کے حل کا متبادل نظام کے حوالے سے ہوگا جس کو جسٹس عظمت سعید چیئر کریں گے اور ان کے ساتھ جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس مظہر عالم ہوں گے۔

تیسرا گروپ مقدمات میں تاخیر اورزیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانے کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کرے گا جس کو جسٹس آصف سعید کھوسہ چیئر کریں گے ان کے ہمرا جسٹس سردار طارق ہوں گے۔

گروپ تین کے پینلسٹ میں چیف جسٹس آزاد کشمیر ہائی کورٹ ایم تبسم آفتاب ہوں گے۔

گروپ چار قانون کی تعلیم اور پاکستان بھر میں جوڈیشل افسران کے انتخاب کے معیار پر ہوگا جس کو جسٹس مقبول باقر چیئر کریں گے، ان کے ہمراہ جسٹس منصور علی شاہ ہوں گے۔

گروپ چار کے پینلسٹ میں چیف جسٹس گلگت بلتستان جسٹس وزیر شکیل احمد ہوں گے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی چیئر میں گروپ پانچ معاشی اور سیاسی استحکام کے لیے فوجداری نظام میں ازسر نوبہتری کے حوالے سے ہوگا جس میں جسٹس منظور احمد ملک ان کے ہمراہ ہوں گے۔

گروپ پانچ کے پینلسٹ میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس یاور علی ہوں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں