قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف پر منی لانڈرنگ کے الزام پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ نیب کے اس عمل سے نواز شریف کو بہت زیادہ فائدہ پہنچا ہے کیونکہ یہ ایک ایسا کیس ہے جس میں نیب کی ساکھ کو نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'نیوز آئی' میں بات کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ’وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر نیب کے فیصلوں کے خلاف کمیٹی بنائے جانے کی بات کرتے ہیں جس کا سراسر مطلب ادارے کو دباؤ میں ڈالنا ہے۔‘

پروگرام کے دوسرے مہمان اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما آصف باجوہ نے کہا کہ 'پاکستان میں نیب کی تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی جس میں سنی سنائی بات پر کسی کے خلاف کوئی شکایت درج کی گئی ہو، حالانکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بھی اس بات کی تردید کردی گئی ہے تو ہم یہ کیسے سمجھیں کہ نیب کی طرف سے انصاف کے تقاضے پورے کیے جارہے ہیں۔‘

مزید پڑھیں: نواز شریف کے خلاف 4.9 ارب ڈالر بھارت منتقل کرنے پر تحقیقات کا آغاز

انہوں نے کہا کہ ’اور پھر جب ہم بات کرتے ہیں تو ہم پر یہ الزام لگادیا جاتا ہے کہ آپ اداروں سے ٹکراؤ کی بات کرتے ہیں۔‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف کے پاس ایک راستہ اور بھی موجود ہے جس میں نیب کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرسکتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ خبر ایک لحاظ سے مضحکہ خیز اس لیے بھی ہے کہ 4.9 بلین ڈالر پاکستان سے بھارت جارہے ہیں، جبکہ ہم معاشی طور پر اس کے متحمل ہی نہیں ہیں۔‘

یاد رہے کہ گزشتہ روز نیب نے سابق وزیر اعظم اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر 4.9 ارب ڈالر کی رقم بھارت منتقل کرنے سے متعلق میڈیا پر آنے والی رپورٹس کا نوٹس لے لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا مقصد انتقامی کارروائی نہیں،نیب کی وضاحت

نیب کے جاری بیان کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر 4.9 ارب ڈالر کی رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت منتقل کرنے سے متعلق رپورٹس کے حوالے سے تحقیقات کا حکم جاری کردیا۔

نیب کے مطابق چیئرمین نے منی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں ڈالر کی بھارت منتقلی کی تحقیقات کا حکم میڈیا میں آنے والی رپورٹس کی روشنی میں لیا، جس میں بتایا گیا تھا کہ مذکورہ معاملے کی تفصیلات ورلڈ بینک کی مائیگریشن اینڈ ریمٹنس بک 2016 میں درج ہیں۔

نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کی نئی تحقیقات کے آغاز کے حوالے سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب ایوان کو بتائے کہ اس کے پاس کیا ثبوت موجود ہیں جس کی بنا پر تحقیقات کا آغاز کیا جارہا ہے جبکہ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی تحقیق کے لیے ایوان کی خصوصی کمیٹی بنائی جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں