• KHI: Sunny 27.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.1°C
  • KHI: Sunny 27.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.1°C

’امن کیلئے مغرب کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے‘

شائع May 14, 2018

اسلام آباد: مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ امریکا اور مغرب کو خطے میں امن اور استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’افغانستان درد اور زخموں کی کہانی ہے اور یہ دنیا اور خطے کا ایک زخم ہے، جسے جلد از جلد بھرنے کی ضرورت ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جنگ جیتنے کے لیے ہر طرح کی سرمایہ کاری کی جارہی لیکن بدقسمتی سے ہم امن کے لیے کوئی سرمایہ کاری نہیں کررہے۔

مزید پڑھیں: امریکا، بھارت کی زبان بول رہا ہے، ناصر جنجوعہ

ان کا کہنا تھا کہ 1979 میں کابل میں سوویت کے قبضے کے بعد سے افغانستان اور پاکستان دونوں ممالک کے بے گناہ لوگوں کو مسائل کا سامنا رہا لیکن اب اس سے نکلنے کا واحد راستہ امن ہے۔

ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ 11 ستمبر 2001 کے بعد پاکستان بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑا تھا ناکہ ان کے ساتھ جنہوں نے امریکا کو نقصان پہنچایا لیکن یہاں الزام تراشیوں کا کھیل کھیلا گیا اور یہ تاریخ میں حیران کن لمحہ تھا کہ امریکا کی جانب سے ہم پر یہ الزام لگایا گیا کہ ہم عسکریت پسندوں کی حمایت کرتے ہیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایک جانب امریکا ہم پر الزام لگاتا ہے تو دوسری جانب طالبان کی جانب سے ہم پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کی حمایت کا الزام لگایا جاتا ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ میں پاکستان کی جانب سے بے بناہ قربانیاں دی گئی اور ہمیں 60 ہزار سے زائد جانوں اور اربوں ڈالر کا نقصان صرف اس جنگ کے باعث اٹھانا پڑا۔

مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا محل وقوع اسے وسطی اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک اثاثے کے طور پر ظاہر کرتا ہے اور ہمارے پاس یہ صلاحیت ہے کہ ہم یورپ، افریقہ اور ایشیاء کے دیگر حصوں سے منسلک ہوسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: ناصر جنجوعہ کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات، معاملہ سینیٹ تک پہنچ گیا

کانفرنس سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے معلومات کا حق (آر ٹی آئی) کے لیے قانون سازی کی اور معلومات تک رسائی دی جبکہ اب سائبر سیکیورٹی پر قانون سازی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کے استعمال میں کافی متحرک ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گزشتہ 70 برسوں میں میڈیا کافی آزاد اور متحرک تھا جبکہ 2005 سے الیکٹرونک میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا بھی کافی مقبول ہوا اور اس پر انحصار کرنے کا رجحان بڑھتا جارہا، اس کے ساتھ ساتھ ملک میں پہلی مرتبہ جمہوریت نے 10 برس بھی مکمل کیے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025