بھارت کا جنگی طیارہ گرکر تباہ، پائلٹ ہلاک

اپ ڈیٹ 05 جون 2018
بھارتی ریاست گجرات میں تباہ ہونے والے جنگی طیارے کا ملبہ نظر آرہا ہے — فوٹو: بشکریہ اے این آئی
بھارتی ریاست گجرات میں تباہ ہونے والے جنگی طیارے کا ملبہ نظر آرہا ہے — فوٹو: بشکریہ اے این آئی

نئی دہلی: انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) کا جنگی طیارہ ریاست گجرات میں ضلع موندرا میں گر کر تباہ جبکہ واقعے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق جام نگر ایئر بیس سے تعلق رکھنے والا آئی اے ایف کا طیارہ بیراجا گاؤں کے مضافات میں گر کر تباہ ہوا۔

وزارت دفاع کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل منیش اوجا نے بتایا کہ واقعے میں طیارے کے پائلٹ ایئر کموڈور سنجے چوہان ہلاک ہوگئے۔

مزید پڑھیں: ہندوستان: 5 سال میں 20 جنگی طیارے تباہ

ان کا کہنا تھا کہ ’آج صبح جوگار طیارہ اپنے روز مرہ کے مشن پر تھا کہ 10 بجکر 30 منٹ پر جام نگر میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ کو شدید نوعیت کے زخم آئے، واقعے کی تحقیقات کورٹ آف انکوئری کو سونپ دی گئی ہیں‘۔

ادھر انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ جنگی طیارہ گاؤں سے 2 کلومیٹر دور ایک کھلے میدان میں گرکر تباہ ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں پائلٹ اور زمین پر گھاس چرنے والی متعدد گائے ہلاک ہوگئیں جبکہ انہیں چرانے والا شخص زخمی ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: طیارہ رن وے سے پھسل گیا، 15 مسافر زخمی

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ جس مقام پر حادثہ پیش آیا وہاں سے ایک ہائی ٹینشن ٹرانسمیشن لائن گزر رہی ہے تاہم اسے نقصان نہیں پہنچا۔

خیال رہے کہ کچھ ماہ قبل آئی اے ایف کا ایس ڈبلیو 80 ہیلی کاپٹر آسام کے ایک جزیرے میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں اس میں سوار 2 پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں