پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ حالیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے ریحام خان کی کتاب چھپنے پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کی دھمکی دے دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے جمائمہ گولڈ اسمتھ نے کہا کہ ’ریحام خان کی کتاب پر مجھے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ چونکہ یہ دروغ گوئی پر مبینی کتاب ہے اس لیے برطانیہ میں چھپنے کے قابل نہیں، لیکن کتاب چھپنے کی صورت میں اپنے بیٹے کی طرف سے ہتک عزت اور ذاتی معاملات میں مداخلت کا دعویٰ کروں گی۔‘

واضح رہے کہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور اینکر پرسن ریحام خان کی کتاب نے منظر عام پر آنے سے قبل ہی ملک کی سیاست اور خاص طور پر پی ٹی آئی کی صفوں میں ہل چل مچادی دی ہے۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران مطالبہ کیا کہ ریحام خان اپنی کتاب کے مواد کی تردید کریں اور معافی مانگیں۔

یہ بھی پڑھیں: ریحام خان کی کتاب کی رونمائی کے خلاف حکم امتناع جاری

انہوں نے سوال اٹھایا کہ انتخابات قریب آتے ہی کتاب کا شوشہ کیوں چھوڑا گیا؟ ریحام کی کتاب سے متعلق غیر اخلاقی مواد نشر ہو رہا ہے لیکن پیمرا خاموش ہے۔

قبل ازایں فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ریحام خان کہاں، کب اور کس سے ملیں، یہ ساری کہانی اب سامنے آچکی ہے۔

ان کا دعویٰ تھا کہ ریحام خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کی اور اس ملاقات کا اہتمام احسن اقبال نے کرایا تھا۔

فواد چوہدری نے مزید دعویٰ کیا تھا کہ ریحام خان کی کتاب کی تصنیف کا مقصد ملک کی حقیقی اپوزیشن کو نقصان پہنچانا ہے۔

اس کے جواب میں احسن اقبال نے ٹوئٹ کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے دفاع کے لیے جعلی ای میل کا ڈرامہ ایک شرمناک عمل ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ انٹرویو کے علاوہ ریحام خان سے کبھی نہیں ملے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انٹرویو بھی عمران خان اور ریحام خان کی شادی سے قبل ہوا اور سابق میاں بیوی کے معاملات میں انہیں مت گھسیٹا جائے۔

مزید پڑھیں: حمزہ علی عباسی دھمکیاں دے رہے ہیں، ریحام خان کا الزام

بعد ازاں حمزا علی عباسی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ انہوں نے ریحام خان کی آنے والی کتاب کا متن پڑھا ہے، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو دنیا کا سب سے برا شخص قرار دیا گیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئیٹ میں ’ریحام آن پی ایم ایل این ایجنڈا‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا تھا۔

عمران خان کے دوست اور کاروباری شخص سید ذوالفقار بخاری، سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم، پی ٹی آئی کی غیر ملکی میڈیا کی سربراہ انیلہ خواجہ اور ریحام خان کے سابق شوہر غیر شائع کتاب کے متن میں انہیں بدنام کرنے پر اینکرپرسن کو قانونی نوٹسز بھی بھیج چکے ہیں۔

دوسری جانب ریحام خان نے اپنی کتاب کے متن کی تصدیق یا تردید سے انکار کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں