تھیٹر اداکارہ مہوش فاروقی انتقال کر گئیں

مہوش فاروقی تحریک نسواں کی بھی متحرک کارکن رہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
مہوش فاروقی تحریک نسواں کی بھی متحرک کارکن رہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

تھیٹراداکارہ،ماہر تعلیم اور زمبیل ڈراماٹک ریڈنگز کی شریک سربراہ مہوش فاروقی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔

مہوش فاروقی نے 7 سال قبل عاصمہ مندروالا اور سیف حسن کے ساتھ مل کر ’زمبیل ڈراماٹک ریڈنگز‘ کو تشکیل دیا تھا، جس کے ذریعے معروف لکھاریوں کے ڈرامے اور افسانے براہ راست پڑھے جاتے ہیں۔

زمبیل ڈراماٹک ریڈنگز کے ذریعے سعادت حسن منٹو، عصمت چغتائی، قرۃ العین حیدر اور فیض احمد فیض سمیت دیگر معروف ادیبوں، افسانہ نگاروں اور شاعروں کی تخلیقات کو پیش کیا جاچکا ہے۔

زمبیل ڈراماٹک کے تحت ہی کراچی لٹریچر فیسٹیول (کے ایل ایف) لاہور بنالے اور فیض انٹرنیشنل فیسٹیول میں بھی ڈرامے اور دیگر تخلیقات پیش کی گئیں۔

2 سال قبل ہی زمبیل ڈراماٹک نے ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر ’زمبیل نامہ آف یوٹیوب‘ نامی آڈیو چینل کا آغاز کیا، جس کے ذریعے مختلف تخلیقات کو پیش کیا گیا۔

مہوش فاروقی زمبیل ڈراماٹک کے علاوہ تحریک حقوق نسواں کی بھی متحرک رکن رہیں، انہوں نے معروف کتھک ڈانسر شیما کرمانی کے ساتھ بھی اس حوالے سے 4 دہائیوں تک مل کر کام کیا۔

مہوش فاروقی گزشتہ کچھ عرصے سے کینسر میں مبتلا تھیں اور ان کا علاج جاری تھا، تاہم وہ اس موذی مرض کو شکست دینے میں ناکام رہیں۔

مہوش حیات نے سوگواروں میں شوہر معین میمن اور 3 بچے چھوڑے ہیں۔

ان کے انتقال پر تحریک حقوق نسواں کی رہنما اور معروف ڈانسر شیما کرمانی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور ان کے انتقال کو کبھی پورا نہ ہونے والا نقصان قرار دیا۔

مہوش فاروقی کے انتقال پر دیگر تھیٹر، آرٹ اور ادب کی شخصیات نے بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں