مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما زعیم قادری نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی صف میں شامل ہونے کے ارادے کا اظہار کردیا۔

ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے زعیم قادری نے کہا کہ ’پارٹی کی جانب سے تذلیل اور پیچھے پھینکنے کا قصہ نیا نہیں بلکہ یہ سلسلہ 2007 سے شروع ہے، لیکن اب میری برداشت ختم ہوگئی تھی۔‘

ناراضگی کے اظہار کے بعد پارٹی کی طرف سے رابطہ کرنے سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’اب تک کسی نے رابطہ نہیں کیا کیونکہ وہ مجھے جانتے ہیں اور مجھے معلوم ہے کہ پارٹی قیادت سمیت کوئی مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کرے گا۔‘

آزاد گروپ بنانے کے حوالے سے زعیم قادری نے کہا کہ ’لوگ اس حوالے سے مجھ سے رابطے میں ہیں، میں نے ان سے کہہ دیا ہے کہ بہت مشکل اور کٹھن سفر ہے اور میں نے پرویز مشرف کے دور میں یہ سفر طے کیا ہے، اس لیے وہ سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔‘

مسلم لیگ کے ایک اور ناراض سینئر رہنما چوہدری نثار علی خان کے ساتھ شامل ہونے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’چوہدری نثار میرے بڑے بھائی اور قابل احترام ہیں، میرا ان سے تعلق سیاست سے بھی پہلے کا ہے اور میں ان کی صف میں بلکل شامل ہوسکتا ہوں، لیکن میرا ان سے بھی اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔‘

یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز شریف کے جوتے پالش نہیں کر سکتا،زعیم قادری

انہوں نے کہا کہ ’چوہدری نثار کوئی آزاد گروپ نہیں بنائیں گے، میں بھی اس وقت کوئی آزاد گروپ بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا لیکن عام انتخابات کے بعد آزاد گروپ بناؤں گا۔‘

’جوتے پالش نہ کرنے‘ کے اپنے جملے سے متعلق زعیم قادری کا کہنا تھا کہ ’میں نے یہ اس لیے کہا کیونکہ گزشتہ 12 سال سے ان جوتے پالش کرنے والوں اور مالیشیوں کو مجھ پر ترجیح دی جارہی ہے، اس وقت بہت تکلیف ہوتی ہے جب یہ جوتے پالش کرنے والے مجھے کہتے ہیں کہ آپ کو اس اجلاس میں نہیں بلانا جبکہ میں نے پارٹی قیادت کو ان تمام حالات سے متعلق آگاہ کیا تھا۔‘

واضح رہے کہ زعیم قادری گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران پارٹی سے اپنے اختلافات کھل کر سامنے لائے تھے اور انہوں نے حمزہ شہباز شریف کے خلاف سخت جملوں کا استعمال کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں حمزہ شہباز کے جوتے پالش نہیں کرسکتا۔‘

انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’حمزہ شہباز، لاہور تمہاری اور تمہارے باپ کی جاگیر نہیں،اسی لاہور میں سیاست کرکے دکھاؤں گا جہاں میرے باپ دادا نے کی اور لاہور میں سیاست کرنے سے مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔‘

زعیم قادری نے آزاد حیثیت سے قومی اسمبلی کے حلقہ 133 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’حمزہ شہباز سنو! میرا الیکشن تمہارے ساتھ ہے جبکہ آج سے الیکشن اور جنگ دونوں اکٹھی ہوگی۔‘

خیال رہے کہ سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر مگر ناراض رہنما چوہدری نثار علی خان بھی آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کرچکے ہیں۔

چوہدری نثار 2 قومی اور پنجاب کی 2 صوبائی نشستوں کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرا چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں