عامرخان اوشو اور عالیہ بھٹ شیلا بنیں گی؟

اپ ڈیٹ 28 جون 2018
—فوٹو: بز ایشیا/ بولی وڈ لائف
—فوٹو: بز ایشیا/ بولی وڈ لائف

مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان جو ان دنوں اپنی آنے والی میگا بجٹ فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، ان سے متعلق گزشتہ کچھ عرصے سے چہ مگوئیاں ہیں کہ وہ متعدد بڑی فلمیں بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ عامر خان ہندو ازم کی کہانی ’مہا بھارت‘ سمیت دیگر اہم موضوعات پر فلمیں بنانے اور ان میں کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ عامر خان جلد ہی ایک بائیوگرافی فلم میں بھارت کی میوزک کمپنی ’ٹی سیریز‘ کے سربراہ آنجہانی گلشن کمار کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

اس کے ساتھ ہی اطلاعات بھی تھیں کہ عامر خان بھارت کے متنازع ترین ہندو گرو رجنیش اوشو کی زندگی پر بننے والی ایک فلم میں ان کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

اب ایک بار پھر اس حوالے سے خبریں سامنے آئی ہیں کہ عامر خان جلد ہی پروڈیوسر کرن جوہر کی فلم میں متنازع ہندو گرو بھگوان رجنیش اوشو کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عامر خان اوشو کے روپ میں؟

بولی وڈ ہنگامہ نے ذرائع سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ رجنیش اوشو کی زندگی پر فلم بنانے کے حوالے سے منصوبہ بندی کا کام جاری ہے، جسے رواں برس کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔

عالیہ بھٹ اوشو کی پرسنل سیکریٹری ایم اے شیلا کا کردار ادا کریں گی—فوٹو: دیسی مراٹھی
عالیہ بھٹ اوشو کی پرسنل سیکریٹری ایم اے شیلا کا کردار ادا کریں گی—فوٹو: دیسی مراٹھی

رپورٹس کے مطابق متنازع گرو کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کو کرن جوہر پروڈیوس کریں گے، جب کہ اس کی ہدایات کپور اینڈ سنز جیسی فلموں کی ہدایات دینے والے شکن بترا دیں گے۔

اس فلم کے حوالے سے اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ اس میں گرو رجنیش اوشو کی پرسنل سیکریٹری ایم اے شیلا کا کردار عالیہ بھٹ ادا کرتی نظر آئیں گی۔

اگر رپورٹس سچ ثابت ہوئیں تو یہ پہلا موقع ہوگا کہ عالیہ بھٹ شاہ رخ کے بعد بولی وڈ کے سب سے بڑے خان یعنی عامر خان کے ساتھ اہم کردار میں نظر آئیں گی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کی کہانی کون لکھے گا اور اس میں رجنیش اوشو کے دیگر ساتھیوں کے کردار کون ادا کرے گا۔

تاہم امکان ہے کہ رواں برس کے آخر تک فلم کی کاسٹ کا حتمی اعلان کرکے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتائیں جائیں گی۔

اوشو کو متنازع ترین گرو مانا جاتا ہے—فوٹو: انڈین ایکسپریس
اوشو کو متنازع ترین گرو مانا جاتا ہے—فوٹو: انڈین ایکسپریس

خیال رہے کہ رجنیش اوشو کو تاریخ کے متنازع ترین گرو کے طور پر جانا جاتا ہے، ان کی زندگی پر رواں برس آن لائن اسٹریمنگ کمپنی ’نیٹ فلیکس‘ نے بھی ’وائلڈ وائلڈ کنٹری‘ نامی ایک دستاویزی فلم ریلیز کی تھی۔

مزید پڑھیں: متنازع ہندو گرو رجنیش اوشو کی زندگی پر دستاویزی فلم

رجنیش گرو 58 برس کی عمر میں 19 جنوری 1990 کو دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے، ان کی ہلاکت ایسے وقت میں ہوئی جب وہ امریکا میں جیل کی قید کاٹنے کے بعد واپس بھارت پہنچے تھے۔

ایم اے شیلا تاحال حیات ہیں—فوٹو: انڈین ایکسپریس
ایم اے شیلا تاحال حیات ہیں—فوٹو: انڈین ایکسپریس

انہیں امریکا میں 1983 میں ریاست اوریگون کے دیہی علاقے میں خیالی شہر آباد ’رجنیش پرم‘ آباد کرنے اور وہاں غیر قانونی کام کرنے کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔

ایم اے شیلا جو بھارتی نژاد امریکی خاتون تھیں، ان کی پرسنل سیکریٹری تھیں جو تاحال زندہ ہیں اور اس وقت سوئٹزرلینڈ میں رہائش پذیر ہیں، انہوں نے نیٹ فلیکس کی دستاویزی فلم میں رجنیش اوشو سے متعلق کئی حیران کن انکشافات کیے ہیں۔

یہ بھی کہا جاتا ہے کہ رجنیش اوشو اور ایم اے شیلا کے درمیان جنسی تعلقات بھی تھے، جب کہ ہندو گرو پر دیگر متعدد خواتین کے ساتھ بھی جنسی تعلقات قائم کرنے کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔

ایم آنند شیلا اس وقت سوئٹزرلینڈ میں رہائش پذیر ہیں—اسکرین شاٹ
ایم آنند شیلا اس وقت سوئٹزرلینڈ میں رہائش پذیر ہیں—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں