لاہور: سابق وزیرِ ریلوے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

ڈان نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے خواجہ سعد کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 131 لاہور کے عوام ان کے ساتھ ہیں اور وہ تحریک انصاف کے چیئرمین کو بھاری اکثریت سے شکست دیں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے شکوہ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے یکساں مواقع فراہم نہیں کیے جارہے۔

مزید پڑھیں: نیب کا خواجہ سعد رفیق کی ہاؤسنگ اسکیم کے خلاف تحقیقات کا آغاز

سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کی نااہلی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کو تاحیات نااہل کروانا افسوسناک امر ہے، اگر ایسا ہوتا رہا تو انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھیں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ’اگر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو اس طرح نشان بنایا جاتا رہا تو ہم بہت کچھ بول سکتے ہیں‘۔

سابق وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مطالبہ کیا کہ مختلف حربوں سے ہمیں تنگ کرنا بند کیا جائے اور ہمیں بھی الیکشن لڑنے کا پورا پورا موقع دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ سعد رفیق نے سپریم کورٹ کو تمام محاذوں کا گڑھ قرار دے دیا

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے الیکشن کے بائیکاٹ کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کوئی سوچ و بچار نہیں کی گئی۔

خواجہ سعد رفیق نے الزام عائد کیا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اور عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات میں الجھا کر مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کو متاثر کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے لیے بھی انتخابی مہم کے لیے اسی طرح کی آزادی دی جائے جیسی دیگر سیاسی جماعتوں کو حاصل ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں