ایک اور جاپانی شہزادی محبت کی خاطر شاہی حیثیت ٹھکرانے کو تیار

01 جولائ 2018
شہزادی آیاکو رواں برس اکتوبر میں عام شہری سے شادی کریں گی—فوٹو: سی جی ٹی این
شہزادی آیاکو رواں برس اکتوبر میں عام شہری سے شادی کریں گی—فوٹو: سی جی ٹی این

جاپان کے شاہی خاندان کی 27 سالہ شہزادی آیاکو نے بھی اپنی کزنز کے نقش قدم پر چلتے ہوئے محبت کی خاطر شاہی حیثیت کو ٹھکرانے کا فیصلہ کرلیا۔

شہزادی آیاکو نے دولت اور شاہی اعزازات کو چھوڑ کر ایک عام شخص سے شادی کا فیصلہ کرلیا، جس وجہ سے انہیں شاہی حیثیت سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔

شہزادی آیاکو گزشتہ 2 سال میں شاہی خاندان کو چھوڑنے والی دوسری شہزادی بن جائیں گی، اس سے قبل 2017 میں بھی شاہی خاندان کی ایک شہزادی نے عام شخص سے شادی کی تھی۔

گزشتہ برس جاپانی شہنشاہ اکیتو کی 25 سالہ پوتی شہزادی ماکو نے بھی شاہی حیثیت چھوڑ کر عام شخص سے شادی کی تھی۔

25 سالہ شہزادی ماکو سے قبل بھی 2014 میں ایک جاپانی شہزادی نے محبت اور شادی کے لیے شاہی خاندان کو چھوڑا تھا۔ 4 سال قبل شہزادی نوریکو نے بھی عام شخص سے شادی کرکے شاہی حیثیت کو ٹھکرادیا تھا۔

اب شاہی خاندان کی تیسری شہزادی نے بھی عام شخص سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کا اعلان شاہی خاندان کے ترجمان نے کیا۔

جاپان ٹائمز کی رپورٹ کے مطانق شاہی خاندان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادی آیاکو رواں برس 12 اگست کو عام شخص سے منگنی جب کہ 29 اکتوبر کو شادی کریں گی۔

گزشتہ برس 25 سالہ شہزادی ماکو بھی عام شہری سے شادی کر چکی ہیں—فوٹو: سی جی ٹی این
گزشتہ برس 25 سالہ شہزادی ماکو بھی عام شہری سے شادی کر چکی ہیں—فوٹو: سی جی ٹی این

شاہی بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادی کے ایسے فیصلے کے بعد وہ تمام شاہی اعزازات سے محروم ہوجائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: محبت کے لیے شاہی حیثیت ٹھکرانے والی جاپانی شہزادی

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ شہزادی کی منگنی کا اعلان رواں ماہ کیا جائے گا، جس کے بعد جوڑا روایتی پریس کانفرنس کے دوران اپنی شادی کا اعلان کرے گا۔

جاپان ٹائمز کے مطابق 27 سالہ شہزادی آیاکو کی شادی 32 سالہ کائی موریو سے ہوگی، جو ایک شپنگ کمپنی میں ملازمت کرتے ہیں۔

کائی موریو نے ٹوکیو کی ایک یونیورسٹی سے گریجوئیشن کر رکھا ہے، جب کہ ان کی والدہ ایک فلاحی تنظیم میں اعلیٰ عہدے پر ملازمت کرتی ہیں۔

—فوٹو: ہارپر بازار
—فوٹو: ہارپر بازار

کائی موریو اور شہزادی آیاکو کی پہلی بار ملاقات دسمبر 2017 میں ایک شہزادی کے توسط سے ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوگئے۔

شہزادی آیاکو جو اس وقت مختلف شاہی عہدوں پر خدمات سر انجام دے رہی ہیں، انہوں نے کینیڈا کے کاسموسن کالج اور یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا سے تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔

شہزادی آیاکو نے جاپان کی جوسائی انٹرنیشنل یونیورسٹی سے سوشل سائنس میں ماسٹر کی ڈگری بھی لے رکھی ہے۔

خیال رہے کہ جاپان کے شاہی خاندان کو دنیا کے قدیم ترین شاہی خاندانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

مختلف رپورٹس کے مطابق شہزادی آیاکو کے بعد جاپان کے شاہی خاندان میں صرف 17 فراد بچ جائیں گے، جن میں سے زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق جاپان کے شاہی خاندان میں غیر شادی شدہ صرف ایک مرد 11 سالہ شہزادہ ہساہیتو ہے، جس وجہ سے مستقبل میں شاہی خاندان کو مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

—فوٹو: ووگ
—فوٹو: ووگ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں