اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے اپنے حج آپریشن کا آغاز کردیا اور قومی ایئر لائن کی پہلی پرواز 3 سو 27 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگئی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق پی آئی اے کا اسلام اباد سے حج آپریشن شروع ہوگیا ہے اور قومی ائیر لائن کی پہلی پرواز پی کے 7003 کے ذریعے 3 سو 27 پاکستانی عازمین حج کو اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ کردیا گیا۔

اس موقع پر پی آئی اے کی پہلی پرواز سے سعودی عرب جانے والے پاکستانی عازمین کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عازمین کو حج اور سعودی قوانین کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں: سرکاری حج اسکیم کے تحت 50 فیصد کوٹے کی قرعہ اندازی

ایڈیشنل سیکریٹری مذہبی امور کیپٹن (ر) آفتاب احمد اور سعودی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن حبیب اللہ بخاری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن حبیب اللہ بخاری نے کہا کہ سعودی حکومت حجاج کے لیے بہترین اقدامات کرتی ہے اور اس سال بھی حجاج کرام کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری مذہبی امور کیپٹن (ر) آفتاب احمد نے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وزارت مذہبی امور نے پاکستانی عازمین کے لیے ہر سال کی طرح اس سال بھی بہترین انتظامات کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2018 کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز

انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ پاکستان کے سفیر ہیں، سعودی عرب میں آپ نے اپنے عمل اور اخلاق سے ثابت کرنا ہے کہ آپ بہترین قوم ہے‘۔

واضح رہے کہ مناسک حج کا آغاز رواں سال اگست کے آخری ایام میں ہوگا۔

یاد رہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے ہر سال 15 سے 20 لاکھ سے زائد عازمین اپنے فریضے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آتے ہیں۔

حج اسلام کے پانچ بنیادی ستونوں میں شامل ہے اور قرآن پاک میں مناسک حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ کے سفر کا ذکر موجود ہے جبکہ جسمانی و مالی طور پر مستحکم ہر بالغ مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ حج کی ادائیگی فرض ہے۔

مزید پڑھیں: حج قرعہ اندازی: وزارت مذہبی امور کا سپریم کورٹ سے رجوع

خیال رہے کہ 15 جنوری 2018 کو ’حج 2018‘ کے تحت سرکاری اسکیم کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز ہوا تھا جو 24 جنوری 2018 تک جاری رہا۔

حکومت کے مطابق رواں سال ذو الحج کے مہینے میں پاکستان سے 1 لاکھ 79 ہزار 2 سو 10 عازمین حج اپنے فریضے کی ادائیگی کریں گے جبکہ سرکاری اسکیم کا کوٹہ 1 لاکھ 20 ہزار نفوذ جبکہ پرائیویٹ کوٹہ 59 ہزار 2 سو 10 نفوذ مقرر کیا گیا۔

گزشتہ سال فریضہ حج ادا کرنے والوں کی تعداد بھی ایک لاکھ 79 ہزار 2 سو 10 افراد ہی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں