صوبہ سندھ کے علاقے ہالہ کے قریب ٹریلر اور بس میں تصادم کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق ایک خاندان شادی کی تقریب سے واپس حیدر آباد آرہا تھا کہ راستے میں ان کی گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوگیا، جسے تبدیل کرنے کے لیے ڈرائیور نے گاڑی کو سڑک کے کنارے پر کھڑا کردیا۔

مزید پڑھیں: سندھ: ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد ہلاک

مذکورہ گاڑی میں خواتین اور بچے موجود تھے، اسی دوران عقب سے آنے والا تیز رفتار ٹریلر اس پر چڑھ گیا۔

واقعے کے فوری بعد خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ مزید 3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئے۔

پولیس نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا جبکہ امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو لیاقت یونیورسٹی ہسپتال منتقل کردیا۔

حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، تاہم کرین کی مدد سے گاڑی کے ملبے کو ہٹایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ: مہران ہائی وے پر مسافر کوچ اور وین میں تصادم، 10 افراد ہلاک

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق زخمیوں میں اب بھی کچھ افراد کی حالت نازک ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 6 جولائی کو صوبہ سندھ میں مہران ہائی وے پر لاشاری اسٹاپ کے مقام پر مسافر کوچ اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 18 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں