انتخابی مہم میں مصروف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے زندگی میں پہلی بار تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے دیگر انسانوں کی طرح زندگی میں متعدد غلطیاں کیں۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کون سی ہے۔

برطانوی اخبار کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے سیاست اور انتخابات سے ہٹ کر اپنی ذاتی زندگی، شادیوں اور طلاقوں سمیت خطے میں امریکی مداخلت اور افغان جنگ پر بھی بات کی۔

معروف اخبار ‘ڈیلی میل’ سے خصوصی بات چیت کے دوران عمران خان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے بشریٰ مانیکا کے چہرے کو دیکھے بغیر ان سے تیسری شادی کا فیصلہ کیا اور انہوں نے متعدد ملاقاتوں اور کئی ماہ کے بعد انہیں شادی کی پیش کش کی۔

عمران خان کے مطابق شادی کی پیش کش کے بعد بھی بشریٰ مانیکا نے رضامندی کے لیے وقت مانگا اور اپنے خاندان سے مشورہ کرنے کے بعد ہی انہوں نے ان سے شادی کی۔

—فائل فوٹو: فیس بک
—فائل فوٹو: فیس بک

پی ٹی آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہوں نے بشریٰ مانیکا کی ایک پرانی تصویر دیکھ رکھی تھی، تاہم انہوں نے حالیہ سالوں میں ان کا چہرہ اس وقت ہی دیکھا، جب وہ ان کی بیوی بن چکی تھیں۔

عمران خان کے مطابق بشریٰ مانیکا کا چہرہ دیکھنے کے بعد انہیں مایوسی نہیں ہوئی۔

ساتھ ہی عمران خان نے بتایا کہ ان کی تیسری بیوی اتنی زیادہ سوشل نہیں ہیں، وہ عام غیر محرم مردوں کے سامنے پردے کے بغیر نہیں آتیں۔

عمران خان کے مطابق بشریٰ مانیکا تصوف اور صوفی ازم پر یقین رکھتی ہیں اور وہ ان کی اسی بات سے ہی متاثر ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ریحام خان کی متنازع کتاب میں کیے جانے والے 12 'انکشافات'

اپنے انٹرویو کے دوران عمران خان نے تسلیم کیا کہ وہ بھی انسان ہیں اور ان سے بھی کچھ غلطیاں ہوئی ہیں۔

عمران خان نے اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی ریحام خان سے شادی کو قرار دیا۔

—فائل فوٹو: ڈان
—فائل فوٹو: ڈان

انہوں نے اپنے انٹرویو کے دوران کہا کہ اگرچہ وہ سابق اہلیہ ریحام خان کے حوالے سے اتنی زیادہ گفتگو نہیں کرتے، تاہم ان سے شادی کرنا ان کی سب سے بڑی غلطی تھی۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی تیسری شادی

برطانوی اخبار نے اپنی اسی رپورٹ میں ریحام خان کی حال ہی میں سامنے آنے والی کتاب ‘ریحام خان’ کا بھی ذکر کیا ہے اور بتایا ہے کہ انہوں نے کتاب میں عمران خان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ریحام خان نے اپنی کتاب میں عمران خان کی پہلی شادی کی ناکامی پر بھی بات کی ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ چوں کہ جمائمہ خان زیونسٹ یہودی تھیں، اس وجہ سے انہیں پاکستان میں مشکلات بھی پیش آ رہی تھیں اس لیے ان کی شادی کامیاب نہ ہوسکی۔

عمران خان اپنی پہلی اہلیہ جمائمہ خان کے ساتھ لاہور میں ایک تقریب کے دوران—فائل فوٹو: ڈیلی میل
عمران خان اپنی پہلی اہلیہ جمائمہ خان کے ساتھ لاہور میں ایک تقریب کے دوران—فائل فوٹو: ڈیلی میل

تاہم برطانوی اخبار کے مطابق جمائمہ خان نے ریحام خان کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے اپنے پہلے شوہر کی دوسری سابق بیوی پر مقدمہ دائر کرنے کا اشارہ بھی دیا ہے۔

اسی انٹرویو میں عمران خان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور اس کے جانی و مالی نقصان پر بھی بات کی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ عمران خان نے ریحام خان سے اپنی شادی کے فیصلے کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا ہے، تاہم انہوں نے جمائمہ خان سے طلاق کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

عمران خان اپنی پہلی اہلیہ جمائمہ خان کے ساتھ —فائل فوٹو: ڈیلی میل
عمران خان اپنی پہلی اہلیہ جمائمہ خان کے ساتھ —فائل فوٹو: ڈیلی میل

تبصرے (0) بند ہیں