افغانستان کے صدر اشرف غنی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے افغانستان کے دورے کی دعوت دے دی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اشرف غنی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ٹیلی فون کرکے مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بعد ازاں اشرف غنی نے ٹویٹر میں اپنے پیغام میں عمران خان سے فون پر بات چیت اور دورے کی دعوت کی تصدیق کی۔

انہوں نے عمران خان کو افغانستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دی جس کو عمران خان نے قبول کرلیا۔

اشرف غنی کا کہنا تھا کہ عمران خان، افغانستان میں نہایت مقبول اور نوجوانوں کے ہیرو ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں عمران خان کی مقبولیت کے باعث افغانستان میں کرکٹ کو نہایت تیزی سے فروغ ملا۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی سفیر کی عمران خان سے ملاقات، انتخابات جیتنے پر مبارکباد

افغان صدر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان باہم بھائی چارے، ہمسائیگی اور دوستی کے دیرینہ رشتوں سے منسلک ہیں۔

عمران خان نے افغان صدر کی جانب سے مبارک باد اور نیک تمناؤں کے اظہار پران کا شکریہ ادا کیا اور دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سازی کا عمل مکمل ہوتے ہی افغانستان کا دورہ کروں گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں مکمل امن اور خوش حالی کا خواہاں ہے اور تحریک انصاف کی نگاہ میں پاک-افغان تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔

تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا عزم دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین تعلقات میں سرگرمی اور تحریک لائے گی۔

خیال رہے کہ ملک میں عام انتخابات میں اکثریت ملنے کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے بنی گالا میں ملاقات کرکے انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی تھی۔

سعودی سفیر نے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب باہم محبت، دوستی اور بھائی چارے کے بندھن میں جڑے ہوئے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام میں جذباتی قربت اور وابستگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی ہر کڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی، آئندہ حکومت کے ساتھ بھرپور اور متحرک سفارتی تعلقات کے خواہش مند ہیں۔

سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ اقتدار کی منتقلی مکمل ہوتے ہی سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا نقطہ آغاز ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں