ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو عام انتخابات میں کامیابی پر فون کرکے مبارک باد دی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے دور کے آغاز پر اتفاق کیا گیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق رجب طیب اردوان نے عمران خان کو فون کیا اور انتخابات میں جیتنے پر دلی مبارک باد پیش کی۔

ترک صدر نے عمران خان اور آئندہ بننے والی حکومت کے لیے نیک تمناؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پی ٹی آئی کے مطابق دونوں رہنماؤں کی جانب سے بھرپور گرم جوشی کا بھی مظاہرہ کیا گیا اور پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات کے ایک نئے دور کے آغاز پر بھی اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں:تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں، مودی کا عمران خان کو فون

چیئرمین پی ٹی آئی نے نیک خواہشات اور مبارک باد کے لیے فون کرنے پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں 25 جولائی کو منعقدہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو بھارت اور افغانستان کے سربراہان کی جانب سے مبارک باد کے ٹیلی فون آچکے ہیں۔

گزشتہ روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین عمران سے ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستان کے ساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں، تاہم معاملات آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر بھارتی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کی تدبیر کی جانی چاہیے۔

مزید پڑھیں:افغان صدر کی عمران خان کو مبارکباد، دورے کی دعوت

انہوں نے کہا کہ ’جنگیں اور خونریزی سے تناعات کے حل کی بجائے المیے جنم لیتے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے عوام کو غربت کے بے رحم شکنجے سے نکالنے کے لیے حکومتوں کو مشترکہ تدابیر کرنا ہوں گی۔

دوسری جانب بھارت کی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نریندر مودی نے عمران خان سے ٹیلی فونک گفتگو میں امید کا اظہار کیا کہ حالیہ انتخابات سے پاکستان میں جمہوریت کی جڑی مضبوط ہوں گی۔

انہوں نے پورے خطے میں امن اور ترقی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

قبل ازیں 29 جولائی کو افغانستان کے صدر اشرف غنی نے بھیپی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے افغانستان کے دورے کی دعوت دی تھی۔

اشرف غنی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ٹیلی فون کرکے مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں سفیر یاؤ جنگ نے عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور انہیں چینی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں