لاہور: چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے شاہین ایئر لائن کو حکم دیا ہے کہ وہ چین میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے فوری طور پر اقدامات اٹھائیں۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چین میں پھنسے پاکستانیوں سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی اور عدالت عظمیٰ نے شاہین ایئر لائن کے مالک احسان صہبائی کو منگل کو طلب کر لیا۔

از خود نوٹس کی سماعت کے دوران شائین ایئر کے ریجنل ڈائریکٹر نے عدالت کو بتایا کہ چین کے شہر گوانگ زو میں سعودی ائیر لائنز کے علاوہ تمام فلائٹس معطل کر دی گئیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: سی اے اے نے شاہین ایئرلائن کو چین میں پھنسے مسافر واپس لانے کی اجازت دے دی

انہوں نے بتایا کہ شاہین ائیر لائن کی فلائٹ کے لیے 3 بجے کی چیک بک دی گئی ہے، لاہور سے گوانگ زو کے لیے صرف شاہین ائیر لائن کی فلائٹس جاتی ہیں۔

اس موقع پر جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد سے گوانگ زو روزانہ چائینہ ائیر لائن کی فلائٹ جاتی ہے، شاہین ایئر لائن نے پیسے بچانے ہیں تو علیحدہ بات ہے۔

دوسری جانب وزارت خارجہ کے سیکریٹری نے عدالت کو بتایا کہ صرف 46 مسافر چین میں ہیں باقی سب پاکستان آچکے ہیں اور کوئی گرفتاری بھی نہیں ہوئی۔

چیف جسٹس نے شاہین ایئر لائن کا جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ تمام مسافروں کو فوری طور پر واپس لایا جائے۔

انہوں نے سول ایوی ایشن کو حکم دیا کہ شاہین ائیر کے جہاز کی اڑان کی حالت سے متعلق رپورٹ ڈیڑھ گھنٹے میں دیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشین نے شاہین ایئر کے طیارے کو غیر محفوظ قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیں: شاہین ایئرلائن کی اندرون ملک پروازیں معطل

اس حوالے سے سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کوئی بھی جہاز جو غیر محفوظ ہو، مسافروں کو لینے کے لیے نہ بھیجا جائے اور ساتھ ہی ہدایت کی کہ سول ایوی ایشن کی منظوری کے بعد جہاز بھیجا جائے گا جبکہ شاہین ائیر کے ابریز بھی ساتھ جائیں گے۔

گزشتہ روز سی اے اے اور شاہین ایئر لائن انٹرنیشنل کے درمیان ایک ارب 50 کروڑ روپے ادائیگیوں کا تنازع سنگین صورت حال اختیار کرگیا تھا اور سی اے اے نے اندرون ملک کے لیے ایئر لائن کی پروازیں معطل کردی تھیں۔

خیال رہے کہ میڈیا میں آنے والی رپورٹس کے مطابق چین میں 300 سے زائد پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں اور ان میں بیشتر کے ویزوں کی معیاد مکمل ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ 28 جولائی 2018 کو سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شاہین ایئر انٹرنیشنل کو چین میں پھنسے ہوئے 3 سو مسافروں کو وطن واپس لانے کی اجازت دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں