اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عامر لیاقت حسین کے خلاف کاغذاتِ نامزدگی میں غلط بیانی کے حوالے سے دائر درخواست نمٹادی۔

کراچی کے رہائشی فیصل منظور نے الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے رہنما عامر لیاقت حسین کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اپنے کوائف میں غلط بیانی کی ہے۔

مذکورہ درخواست پر الیکشن کمیشن نے نو منتخب رکنِ اسمبلی کو طلب کرکے تحریری جواب جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں: عامر لیاقت 'نامناسب تصویر' پوسٹ کرنے پر تنازع کی زد میں

پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 پر رکن اسمبلی منتخب ہونے والے عامر لیاقت حسین ای سی پی میں پیش ہوئے۔

عامر لیاقت حسین نے ای سی پی میں پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ انہوں نے اپنی بیوی کے حوالے سے کچھ نہیں چھپایا، ابھی صرف ان سے نکاح ہوا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ نکاح کے باوجود ان کی اہلیہ اپنے گھر ہی میں رہائش پذیر ہیں، ان کی رخصتی نہیں ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت نے فاروق ستار کو 20ہزار ووٹ سے شکست دے دی

عامر لیاقت حسین کا اپنی دوسری اہلیہ کے بارے میں مزید کہنا تھا کہ دوسری اہلیہ ان کی منکوحہ ہیں، زوجہ نہیں ہیں اور نہ ہی وہ ان کے زیرِ کفالت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نکاح کے بعد رخصتی کا عمل ہوتا ہے جو آئندہ ماہ ہوگا۔

تحریک انصاف کے رہنما نے موقف اختیار کیا کہ ’کاغذاتِ نامزدگی میں زیر کفالت کا کالم تھا اور دوسری اہلیہ ان کے زیرِ کفالت نہیں بلکہ ان کے والدین ہی فلحال ان کے کفیل ہیں‘۔

عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی میں کچھ نہیں چھپایا، جس پر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رہنما سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Siraj Khan Aug 07, 2018 12:39pm
Mulzim bequsoor hai..... Ek baar to farz nahi huwa, Ishq dobara bhi ho sakta hai.