پریانکا چوپڑا نے منگنی اور شادی پر خاموشی توڑ دی

اپ ڈیٹ 07 اگست 2018

ای میل

پریانکا چوپڑا نے تقریب میں خطاب کے دوران اپنے متعلق چہ مگوئیوں پر بات کی—فوٹو: دکن کیرونیکل
پریانکا چوپڑا نے تقریب میں خطاب کے دوران اپنے متعلق چہ مگوئیوں پر بات کی—فوٹو: دکن کیرونیکل

گزشتہ چند ماہ سے 36 سالہ بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا کی منگنی، شادی اور امریکی گلوکار 25 سالہ نک جونس سے محبت کی خبریں گردش میں ہیں۔

خود سے 10 سال چھوٹے گلوکار سے محبت اور شادی کی وجہ سے ہی پریانکا چوپڑا نے کچھ دن قبل سلمان خان کے ساتھ آنے والی فلم ‘بھارت’ میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

یہ اطلاعات پہلے ہی تھیں کہ پریانکا چوپڑا جولائی یا اگست 2018 میں امریکی گلوکار سے منگنی کریں گی، تاہم اس حوالے اداکارہ نے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

تاہم 6 اگست کو جب پریانکا چوپڑا سنگاپور سے واپس بھارت پہنچیں تو ان کی انگلیوں میں انگوٹھی دیکھی گئی، جسے اداکارہ نے کیمرامین اور فوٹوگرافرز سے چھپایا۔

ممبئی ایئرپورٹ پر ریکارڈ کی گئی بھارتی صحافی وائرل بھیانی کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پریانکا چوپڑا ایئرپورٹ سے باہر آتے ہوئے اپنی انگوٹھی کو خفیہ انداز میں اتار کر اپنی پینٹ کی جیب میں ڈال دیتی ہیں۔

اس دوران پریانکا چوپڑا صحافیوں سے خوش اسلوبی سے پیش آتے ہوئے اپنی گاڑی میں سوار ہوکر گھر چلی جاتی ہیں۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد بھارتی و امریکی میڈیا میں یہ خبریں گردش میں تھیں کہ اداکارہ نے امریکی گلوکار سے سنگاپور کے ٹوئر کے دوران خفیہ منگنی کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی گلوکار سے محبت کرنے پر پریانکا کی والدہ بول پڑیں

پریانکا چوپڑا اور نک جونس ایک ہفتے تک سنگاپور رہے، جہاں امریکی گلوکار کا میوزک کنسرٹ تھا جس میں اداکارہ نے بھی شرکت کی۔

میوزک کنسرٹ کی سامنے آںے والی ویڈیوز میں بھی پریانکا چوپڑا کو اپنے مبینہ منگیتر اور شوہر کے گانے پر خوشی سے ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

تاہم اب ان ویڈیوز کے وئرل ہونے کے ایک دن بعد اداکارہ نے اپنی منگنی، شادی اور محبت پر خاموشی توڑتے ہوئے لوگوں کو قرارا جواب دیا ہے۔

دکن کیرونیکل کی رپورٹ کے مطابق ‘فیڈریشن آف انڈین چیمبرس آف کامرس ایںڈ انڈسٹری’ (ایف آئی سی سی آئی) کی خواتین کی تنظیم ‘ایف ایل او’ کی جانب سے منعقد کردہ سیمینار کے دوران بات کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے اپنی شادی کے حوالے سے چہ مگوئیوں پر وضاحت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک خاتون ہیں اور انہیں اپنے معاملات کو خفیہ رکھنے کا پورا حق ہے۔

پریانکا چوپڑا کے مطابق، دوستیاں، رشتہ داریاں اور خاندان ان کا اپنا ذاتی معاملہ ہے اور انہیں نہیں لگتا کہ اس حوالے سے کسی چیز کی وضاحت کرنا ان کے لیے ضروری ہے۔

پگی چوپس کا کہنا تھا کہ بطور اداکارہ ان کی 90 فیصد زندگی کھلی کتاب ہے تاہم زندگی کے 10 فیصد معاملات کو خفیہ رکھنا کا انہیں حق حاصل ہے اور وہ اس حوالے سے کسی کو کوئی وضاحت کرنے کی پابند نہیں۔

نک جونس اداکارہ سے عمر میں 10 سال چھوٹے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
نک جونس اداکارہ سے عمر میں 10 سال چھوٹے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ نے کہا کہ وہ ذاتی زندگی گزار رہی ہیں نہ کہ کسی دفتر یا ادارے میں ملازمت کی دوڑ میں شامل ہیں کہ وہ ہر چیز کی وضاحت کریں۔

مزید پڑھیں: نک جونس نے خود سے 10 سال بڑی پریانکا سے محبت کا سبب بتادیا

اداکارہ نے اپنے خطاب میں نک جونس سے منگنی، شادی اور محبت کا ذکر چھیڑے بغیر کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ وہ کسی کو اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں وضاحتیں پیش کرے۔

خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس کے درمیان گزشتہ چند ماہ سے محبتوں کی چہ مگوئیاں ہیں، اس عرصے دوران دونوں کو ایک ساتھ دیکھا گیا۔

25 سالہ نک جونس پہلی بار رواں برس جون میں بھارت کے دورے پر بھی آئے تھے، جہاں انہوں نے اداکارہ کی والدہ اور بھائی سے ملاقات کی تھی۔

پریانکا چوپڑا بھی متعدد امریکا، سنگاپور اور برازیل سمیت دیگر ممالک میں نک جونس کے ساتھ دیکھی گئیں۔

اگرچہ دونوں نے اپنے تعلقات کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا، تاہم دونوں نے اشارتا ایک دوسرے سے محبت کی باتیں کہیں ہیں، جب کہ بھارتی و امریکی میڈیا میں یہ خبریں گردش میں ہیں کہ وہ جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

نک جونس جون 2018 میں پہلی بار بھارت آئے تھے—فوٹو: این ڈی ٹی وی
نک جونس جون 2018 میں پہلی بار بھارت آئے تھے—فوٹو: این ڈی ٹی وی