اسلام آباد: جمہوری وطن پارٹی (جے ڈبلیو پی) کے صدر اور این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے شاہ زین بگٹی نے حکومت سازی کے لیے عمران خان کی حمایت کا اعلان کردیا۔

بنی گالا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے دوران انہوں نے اعلان کیا کہ وزیر اعظم کے لیے وہ عمران خان کو ووٹ دیں گے۔

مزید پڑھیں: 'وزیرِ اعظم' عمران خان کے لیے کون سے چیلنجز منتظر ہیں؟

تحریک انصاف کے میڈیا سیل کے مطابق شاہ زین بگٹی نے عمران خان کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ عمران خان نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وزیر اعظم بننے کے بعد وہ بلوچستان کے غیر معمولی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

میڈیا سیل کے مطابق ملاقات کے دوران تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ’ پی ٹی آئی کی اولین ترجیحات میں ایک یہ بھی ہے کہ بلوچستان کے عوام کی مسلسل محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے‘۔

دونوں شخصیات کی ملاقات کے دوران شاہ زین بگٹی نے اپنے آبائی علاقے ڈیرہ بگٹی کے لوگوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے علاقے سے بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی سے متعلق اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔

شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ ملک میں گیس کے اصل فراہم کنندہ ہونے کے باوجود ضلع ڈیرہ بگٹی کو ملکی مالیاتی وسائل سے اس کا حق نہیں ملتا۔

اس موقع پر انہوں نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ڈیرہ بگٹی کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔

تحریک انصاف کے میڈیا سیل کے مطابق عمران خان نے جے ڈبلیو پی کے سربراہ کی جانب سے حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’ ہم شاہ زین بگٹی اور ان کی جماعت کو ہم ممکن سہولت فراہم کریں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا وزیر اعظم ہاؤس میں نہ رہنا قومی خزانے کیلئے کتنا فائدے مند؟

علاوہ ازیں اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کے وفد نے سینٹرل میڈیا ڈپارٹمنٹ کے نمائندے نیل بوہنے کی سربراہی میں چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران نیل بوہنے نے کہا کہ یو این ڈی پی نئی حکومت کے ساتھ کرپشن کے خاتمے، قانون کی بالادستی، انتخابی اصلاحات، بااختیار نوجوان، توانائی کی کارکردگی، محصولات کے نظام اور گورننس کے حوالے سے کام کرنے کی خواہاں ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں