پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ ’ہم صدر مملکت ممنون حسین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ایک دن کے لیے اپنا غیر ملکی دورہ منسوخ کردیں تاکہ عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا سکیں‘۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عمران خان جلد از جلد حلف اٹھائیں اور الیکشن کمیشن کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں تحریک انصاف ہی حکومت بنائے گی، نعیم الحق

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر احتجاج کرنا ان کا جمہوری حق ہے تاہم ان کی حکومت کوشش کرے گی کہ اقتدار میں آکر اپوزیشن کے ساتھ مل کر انتخابی اصلاحات کو یقینی بنائیں تاکہ آئندہ انتخابات میں غلطی کی گنجائش کم ہو۔

انہوں نے ساتھ ہی قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلانے کا مطالبہ بھی کیا۔

نعیم الحق نے امید ظاہر کی نگراں حکومت کی جانب سے آج شام تک تمام تاریخوں کا تعین باقاعدہ طور پر جاری ہو جائے گا۔

دوسری جانب نگراں وزیراعظم نے صدر مملکت سے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سفارش کردی ہے۔

مزید پڑھیں: نعیم الحق نے ٹی وی پروگرام کے دوران دانیال عزیز کو تھپڑ ماردیا

پی ٹی آئی ترجمان نے عمران خان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’دھاندلی سے متعلق اپوزیشن جماعتوں کی شکایت پر بھرپور قانونی مدد فراہم کریں گے تاہم حلقے کھلوانا اور دوبارہ گنتی کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے‘۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں کا کہنا تھا کہ ’الیکشن کمیشن کے قوائد بہت پرانے ہو چکے ہیں جس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے بھی قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں