لاہور کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعویٰ سے متعلق متفرق درخواست پر عمران خان کو جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

صوبائی دارالحکومت میں سیشن کورٹ کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی پی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعویٰ سے متعلق سماعت ہوئی۔

شہباز شریف کی درخواست پر جج انجم امتیاز ملک نے سماعت کی، تاہم اس دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان مصروفیات کی وجہ سے پیش نہ ہوئے اور ان کی طرف سے جونیئر وکیل نے عدالت کو مؤقف سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: ریحام کی کتاب چھپنے پر ہتک عزت کا دعویٰ کروں گی، جمائمہ گولڈ اسمتھ

جونیئر وکیل نے بتایا کہ عمران خان نے اسلام آباد میں شہباز شریف سے متعلق بات کی تھی، تاہم لاہور کی عدالت کو ہرجانہ کیس کی سماعت کا اختیار حاصل نہیں۔

اس پر شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان نے پاناما پیپرز کے معاملے پر عوام کو گمراہ کیا اور ان کے موکل شہباز شریف پر یہ الزام عائد کیا کہ انہوں نے عمران خان کو 10 ارب روپے کی پیشکش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لیے شہباز شریف کی کردار کشی کی، لہٰذا عدالت عمران خان کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔

تاہم عدالت نے عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف عمران خان کی درخواست پر فریقین کے وکلا کو بحث کے لیے طلب کیا۔

دوسری جانب سیشن کورٹ میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعوے سے متعلق سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل سیشن جج انجم ممتاز نے نجم سیٹھی کی درخواست پر سماعت کی، تاہم عدالت میں عمران خان کی جانب سے آج بھی جواب جمع نہیں کروایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے خلاف 20 ارب ہرجانے کا دعویٰ

بعد ازاں عدالت نے وکلا کی ہڑتال کے باعث کیس کی سماعت ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر عمران خان کو جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

خیال رہے کہ نجم سیٹھی نے عمران خان کے خلاف 10 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔

نجم سیٹھی نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ عمران خان نے مختلف سیاسی جلسوں میں اُن پر کرپشن کے جھوٹے الزامات لگائے، جس کے باعث ان کی شہرت متاثر ہوئی، لہٰذا عدالت عمران خان کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں