ڈانسر پر ساتھی اداکارہ کو حد سے زیادہ منشیات دینے کا الزام

اپ ڈیٹ 22 اگست 2018
ڈیمی لواٹو خود اعتراف کر چکی ہیں کہ وہ منشیات کی عادی ہیں—فوٹو: پیپلز میگزین
ڈیمی لواٹو خود اعتراف کر چکی ہیں کہ وہ منشیات کی عادی ہیں—فوٹو: پیپلز میگزین

گزشتہ ماہ 24 جولائی کو حد سے زیادہ منشیات استعمال کرنے کے باعث اپنے گھر میں بے ہوشی کی حالت میں پائی جانے والی نوجوان امریکی گلوکارہ ڈیمی لواٹو سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ انہیں ان کی ساتھی ڈانسر اضافی منشیات دیتی رہیں۔

ڈیمی لواٹو کو 24 جولائی کی شب اضافی منشیات لینے کے باعث بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ 2 ہفتوں سے زائد عرصے تک زیر علاج رہی تھیں۔

دوران علاج ڈیمی لواٹو کو شدید بخار، الٹیاں اور بار بار بے ہوشی کے دورے پڑ رہے تھے۔

ابتدائی 4 دن تک وہ غنودگی میں تھیں اور انہیں صرف دوائیوں کے ذریعے ہی غذا دی جا رہی تھی۔

ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد ڈیمی لواٹو کو شکاگو کے بحالی سینٹر میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں اب ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔

اگرچہ ڈیمی لواٹو مستقل بنیادوں پر بحالی سینٹر میں قیام نہیں کر رہیں، تاہم وہ چیک اپ کے لیے مسلسل وہاں جاتی ہیں۔

ڈیمی لواٹو اپنے والدین اور بہنوں کے ہمراہ—فوٹو: پیپلز میگزین
ڈیمی لواٹو اپنے والدین اور بہنوں کے ہمراہ—فوٹو: پیپلز میگزین

یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ ڈیمی لواٹو حد سے زیادہ منشیات استعمال کرنے کی وجہ سے ہسپتال منتقل ہوئی ہوں، اس سے قبل بھی وہ متعدد بار اضافی منشیات لینے کے باعث زیر علاج رہ چکی ہیں۔

ماضی میں وہ منشیات استعمال کرنے کی اپنی عادت کو تسلیم کرتے ہوئے اقرار کر چکی ہیں کہ انہیں یہ لت بچپن سے ہی لگی، کیوں کہ ان کے گھر کا ماحول ہی ایسا تھا۔

شراب، چرس اور ہیروئن سمیت دیگر اقسام کی منشیات استعمال کرنے کے باجود ڈیمی لواٹو نے ہر بار اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس عادت سے خود کو آزاد کرانے کے لیے ہر ممکن جدوجہد کریں گی۔

اداکارہ نے درجنوں گانوں میں بھی آواز کا جادو جگایا ہے—فوٹو: ڈیمی لواٹو انسٹاگرام
اداکارہ نے درجنوں گانوں میں بھی آواز کا جادو جگایا ہے—فوٹو: ڈیمی لواٹو انسٹاگرام

تاہم گزشتہ ماہ 24 جولائی کو پہلی بار 25 سالہ ڈیمی لواٹو گھر میں ہی بے ہوشی کی حالت میں پائی گئیں۔

گلوکارہ و اداکارہ کو گھر میں ہی بے ہوشی کی حالت میں پائے جانے کے بعد ان کی ساتھی ڈانسر ڈینی وائٹل پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ ہی انہیں حد سے زیادہ منشیات دیتی ہیں۔

امریکی سوشل میڈیا پر ڈینی وائٹل پر اپنی استاد ڈیمی لواٹو کو منشیات کی زائد مقدار دینے کے الزامات عائد کرنے سمیت انہیں دھمکیاں بھی دی گئیں، جب کہ انہیں ہراساں بھی کیا گیا۔

مسلسل دھمکیاں ملنے اور ہراساں کیے جانے کے بعد اب ڈینی وائٹل نے اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے انسٹاگرام پر وضاحت کی ہے۔

A post shared by Dani Vitale (@danivitale) on

اپنی پوسٹس میں ڈیمی لواٹو کی شریک ڈانسر ڈینی وائٹل نے ان الزامات کو مسترد کیا کہ وہ ہی اپنی استاد کو منشیات کی زائد مقدار فراہم کرتی ہے۔

ڈینی وائٹل نے انکشاف کیا کہ انہوں نے زندگی بھر میں کبھی منشیات نہیں دیکھی اور نہ ہی کبھی انہوں نے اس کا استعمال کیا اور نہ ہی انہوں نے کسی کو اس کے استعمال پر اکسایا۔

A post shared by Dani Vitale (@danivitale) on

ڈینی وائٹل نے بتایا کہ جب سے ان پر ڈیمی لواٹو کو حد سے زیادہ منشیات دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، وہ ڈپریشن اور انزائٹی کا شکار ہوگئی ہیں اور انہیں ہر وقت کبھی نظر نہ آنے والا خوف محسوس ہونے لگتا ہے۔

ڈینی وائٹل کے مطابق انہیں اپنا موبائل فون استعمال کرتے ہوئے بھی ڈر لگتا ہے، کیوں کہ انہیں آن لائن ہراساں کیے جانے سمیت ان پر شدید قسم کا دباؤ رکھا گیا۔

اپنی پوسٹس میں انہوں نے ڈیمی لواٹو کی تعریف بھی کی، ساتھ ہی ان کے ساتھ کیے گئے کام کو شاندار بھی قرار دیا۔

ڈینی وائٹل نے واضح کیا کہ ڈیمی لواٹو کی جانب سے حد سے زیادہ منشیات استعمال کرنے میں ان کا کوئی کردار نہیں۔

اداکارہ منشیات کے عادی ہونے کا اعتراف کرچکی ہیں—فوٹو: ڈیمی لواٹو انسٹاگرام
اداکارہ منشیات کے عادی ہونے کا اعتراف کرچکی ہیں—فوٹو: ڈیمی لواٹو انسٹاگرام

خیال رہے کہ ڈیمی لواٹو 25 سالہ ڈیمی لواٹو نے بطور چائلڈ آرٹسٹ ہی اپنا کیریئر شروع کیا، انہوں نے پہلے پہل ٹیلی وژن پر اداکاری کی، بعد ازاں انہوں نے گلوکاری اور شاعری میں بھی قسمت آزمائی۔

اب تک ڈیمی لواٹو 9 سے زائد فلموں اور 2 درجن سے زائد ڈراموں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

ڈیمی لواٹو اب تک 6 میوزک ایلبم ریلیز کرنے سمیت درجنوں گانے بھی ریلیز کر چکی ہیں۔

ڈینی وائٹل ان کے ساتھ گانوں پر شریک ڈانسر کے طور پر کام کرتی ہیں۔

ڈینی وائٹل اور ڈیمی لواٹو کی ڈانس پرفارمنس کو مداحوں نے ہمیشہ پسند کیا ہے۔

ڈیمی لواٹو اور ڈینی وائٹل گانے میں پرفارمنس کرتے ہوئے—فوٹو: پیپلز میگزین
ڈیمی لواٹو اور ڈینی وائٹل گانے میں پرفارمنس کرتے ہوئے—فوٹو: پیپلز میگزین

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں